• KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:42pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:01pm
  • ISB: Zuhr 12:22pm Asr 4:02pm
  • KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:42pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:01pm
  • ISB: Zuhr 12:22pm Asr 4:02pm

عمران خان نے آرمی چیف کو خط لکھ کر پالیسیوں میں تبدیلی کی اپیل کی ہے، بیرسٹر گوہر

شائع February 3, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان نے بطور سابق وزیراعظم آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو خط لکھ کر ان سے پالیسیوں میں تبدیلی کی اپیل کی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے پاک فوج کے سربراہ کو خط لکھنا پالیسی شفٹ نہیں بلکہ انہوں نے آرمی چیف کو بطور سابق وزیر اعظم خط لکھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف کو اوپن لیٹر لکھا ہے جس کو آج میڈیا کے سامنے بھی پیش کردیا جائے گا، جس میں عمران خان نے کہا کہ وہ پاکستان کے سابق وزیراعظم اور ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کے طور پر خط لکھ رہے ہیں۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق عمران خان نے خط میں فوج اور عوام کے درمیان فاصلے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے لکھا کہ ’فوج اور عوام میں خلیج نہیں بڑھنا چاہیے جس کے لیے انہوں نے آرمی چیف سے پالیسیوں پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی بیرسٹر گوہر اور علیم امین گنڈا پور کے درمیان ملاقات کی خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم دونوں جانب سے متضاد دعووں کی وجہ سے ملاقات کا ایجنڈا سامنے نہ آسکا تھا۔

ابتدائی طور پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کسی بھی قسم کے رابطے کی تردید کی تھی لیکن بعد میں انہوں نے آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے ’مثبت جواب‘ ملنے کا دعویٰ کیا۔

تاہم سیکیورٹی ذرائع سے منسوب ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ بات چیت کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، کوشش کی گئی کے سیکیورٹی امور پر بات چیت کو سیاسی رنگ دیا جائے۔

بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف کو لکھے خط میں افواج پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ فوج اور ملک ہمارا ہے، ہم انتشار نہیں چاہتے۔

خط میں ان کا کہنا تھا کہ ساری چیزوں کا نزلہ فوج پر گررہا ہے، 2024 کا الیکشن، 26ویں آئینی ترمیم، پیکا ایکٹ فوج اور عوام کے درمیان فاصلے کی وجوہات ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ کمرہ عدالت میں 9 صحافیوں کو خط کی تفصیل بتائی ہے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 4 فروری 2025
کارٹون : 3 فروری 2025