اسلام آباد: ڈان گروپ کے زیراہتمام موسمیاتی کانفرنس ’بریتھ پاکستان‘ کا باضابطہ آغاز
اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں ڈان میڈیا کے زیر اہتمام عالمی موسمیاتی کانفرنس ’بریتھ پاکستان‘ کا آغاز ہوگیا۔
تلاوت کلام پاک اور قومی ترانہ پیش کیے جانے کے بعد ڈان میڈیا گروپ کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) حمید ہارون اور پاکستان ہیرالڈ پبلیکیشنز پرائیوٹ لمیٹڈ (پی ایچ پی ایل) کی سی ای او ناز آفرین سہگل لاکھانی نے افتتاحی کلمات ادا کیے۔
اس موقع پر ڈان میڈیا گروپ کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) حمید ہارون نے زور دے کر کہا کہ ’جب آپ یہاں آتے ہیں تو بریتھ پاکستان کی توسیع اہم ہو جاتی ہے کیونکہ پاکستانی پالیسی سازوں اور این جی اوز کے ساتھ آپ کے خیالات اور بات چیت ہی اس بات کا تعین کرے گی کہ یہ ملک کن آرا کے بارے میں بات کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’ماحولیاتی تبدیلی صرف ایک واقعہ نہیں ہے، جیسا کہ ناز آفرین کا خیال ہے کہ یہ ایک عقیدہ ہے، یہ ایک نظریہ ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اگلے چند سالوں میں آپ کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور بہت تیز نہ سہی جزوی لچکدارانہ نظام کے ذریعے ماحولیات کو مرکزی دھارے کا حصہ بناسکیں گے، جو کہ ایک حقیقت ہے‘۔
کانفرنس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سمیت قومی اور بین الاقوامی ماہرین شریک ہیں، تقریب سے وزیراعظم شہباز شریف بھی خطاب کریں گے۔
کانفرنس کے دوران حکومت اور کارپوریٹ سیکٹر کے درمیان مکالمے کی حوصلہ افزائی اور پائیدار پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ تلاش کرنے کے لیے ایک گول میز کانفرنس بھی ہوگی، جس میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سمیت دیگر شریک ہوں گے۔
موسمیاتی تبدیلی میں زراعت، جنگلات اور خوراک کے نظام سے متعلق سیشن میں زراعت اور جنگلات کے ماہرین شرکت کریں گے جس میں ایف اے او کی نمائندہ فلورنس رول، وزارت موسمیاتی تبدیلی کی سیکریٹری عائشہ حمیرا چوہدری اور سابق وزیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خطاب کریں گے۔
7 فروری کو کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں سابق وزیر اعظم اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سامعین سے خطاب کریں گے۔
دیگر مقررین میں ماحولیاتی ماہر علی توقیر شیخ، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، ماحولیاتی کارکن کرشمہ علی، یوتھ ایکٹویسٹ زنیرہ قیوم بلوچ اور سینیٹر مصدق ملک شامل ہیں۔