کراچی: قطرے پلانے سے انکار، پولیو ورکر سے جھگڑا کرنے والے 3 افراد گرفتار
کراچی کے علاقے شیر شاہ میں پولیو کے قطرے پلانے سے انکار پر پولیو ٹیم سے تلخ کلامی پر 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق شیرشاہ میں محمدی روڈگلی نمبر 14 میں ملک بھر میں جاری پولیو مہم کے تحت ویکسین پلانے کے لیے پولیو ٹیم نے دورہ کیا۔
تاہم وہاں موجود 3 مشتعل افراد نے پولیو ٹیم سے تلخ کلامی کی جو اس حد تک بڑھ گئی کہ پولیس کو مداخلت کرنا پڑی، مشتعل افراد پولیو پلانے سے مسلسل انکار کر رہے تھے۔
اطلاع ملنے پر پولیس اورخاتون اسسٹنٹ کمشنراپنے عملے کے ہمراہ موقع پرپہنچیں تو مشتعل افراد نے اسسٹنٹ کمشنر کے عملے کے ساتھ بھی تلاخ کلامی کی, جس پر پولیس نے تینوں افراد کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا اور ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر دیا گیا ہے۔
ملزمان کے خلاف کارسرکارمیں مداخلت اور پولیو ورکرز سے جھگڑا کرنے کی دفعہ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔