• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 5:00pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 4:32pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 5:00pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 4:32pm

عمران خان نے اپنے مقدمات کھلی عدالت میں چلانے کیلئے درخواست دائر کردی

شائع February 11, 2025
علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان کے گزشتہ خطوط ڈیل کے لیے نہیں تھے
—فائل فوٹو: ڈان
علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان کے گزشتہ خطوط ڈیل کے لیے نہیں تھے —فائل فوٹو: ڈان

عمران خان نے اپنے خلاف مقدمات کی سماعت کھلی عدالت میں کرنے کی درخواست دائر کردی، ان کی بہن نے میڈیا کو بتایا کہ جیل میں بند سیاست دان اگلے ہفتے آرمی چیف کو ایک اور خط لکھیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے خلاف متعدد ’جھوٹے‘ مقدمات بنائے گئے ہیں اور ان پر اڈیالہ جیل کے ’کنٹرولڈ‘ ماحول میں مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کا اڈیالہ جیل میں ٹرائل قانون اور آئین کی خلاف ورزی ہے، یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ ان کے وکلا کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔

درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ 5 اگست 2023 کو ان کی قید کے بعد سے عمران خان کو کبھی بھی کھلی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، مختلف مقدمات میں ان کے مقدمات جیل کے اندر عارضی عدالتوں میں چلائے گئے۔

درخواست کے مطابق جیل انتظامیہ نے بین الاقوامی میڈیا کو مقدمے کی کارروائی کی کوریج کی اجازت نہیں دی اور صرف چند صحافیوں کو کارروائی دیکھنے کی اجازت ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ میڈیا سابق وزیر اعظم کا نام بھی نہیں لے سکتا، اور اس کے بجائے ان کے لیے ’پی ٹی آئی بانی‘ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ وہ عمران خان کے مقدمات کی کھلی سماعت کی ہدایت جاری کرے، تاکہ آئین میں درج منصفانہ ٹرائل کو یقینی بنایا جا سکے۔

پیر کو عمران خان سے ملاقات کرنے والی ان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اگلے ہفتے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو تیسرا خط لکھیں گے۔

عمران خان گزشتہ دنوں آرمی چیف کو 2 خط لکھ چکے ہیں، جو میڈیا کے ساتھ شیئر بھی کیے گئے ہیں، تاہم اسٹیبلشمنٹ نے ایسے کسی پیغام کی وصولی سے انکار کیا ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے خطوط کسی معاہدے یا کسی نرمی کے لیے نہیں لکھے گئے تھے، بلکہ ان کا مقصد مقتدر قوتوں کو یہ سمجھانا تھا کہ مسلح افواج اور عوام کے درمیان اختلافات بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ موجودہ ججوں کے سامنے اپنے تمام مقدمات کا سامنا کریں گے، اس حقیقت کے باوجود کہ ججوں کو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بھرتی کیا جا رہا ہے کہ انہیں انصاف نہ ملے۔

علیمہ خان نے یہ بھی واضح کر دیا کہ ان کے بھائی کوئی ڈیل نہیں کریں گے، عمران خان نے کہا ہے کہ میرا آرمی چیف کو خط کسی ڈیل کے لیے نہیں تھا، میں نے یہ سمجھانے کے لیے لکھا کہ فوج اور عوام کو متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف لڑنا ہوگا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ عوام کی طرف سے ایک کھلا خط ہو گا، اور لوگ اسے پڑھیں گے۔ علمیہ خان نے کہا کہ عمران خان نے ہفتے کے روز صوابی میں بڑی ریلی کو سراہا، کہ اس میں پنجاب اور سندھ کے لوگوں نے بھی شرکت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی پر زور دیا ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں اور سمندر پار پاکستانیوں سے جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہونے کی اپیل کی۔

کارٹون

کارٹون : 14 مارچ 2025
کارٹون : 13 مارچ 2025