• KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:51pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • ISB: Zuhr 12:22pm Asr 4:15pm
  • KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:51pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • ISB: Zuhr 12:22pm Asr 4:15pm

راولپنڈی: مبینہ غیرت کے نام پرفرسٹ ایئر کی طالبہ کے قتل کے الزام میں چچا گرفتار

شائع February 14, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

راولپنڈی میں فرسٹ ایئر کی طالبہ کے قتل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، مبینہ غیرت کے نام پر سگی بھتیجی کو قتل کرنے کے الزام میں چچا کو گرفتار کر لیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان پولیس سجاد الحسن نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے زہر دے کر بھتیجی کو قتل کیا، ملزمان نے قتل کے بعد لاش کی تدفین کروا دی اور واقعے کو طبعی موت ظاہر کرنے کی کوشش کی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ درج کر کے قبر کشائی و پوسٹ مارٹم کروایا گیا۔

واضح ہے کہ 12 فروری 2025 کو راولپنڈی میں فرسٹ ایئر کی 17 سالہ طالبہ کو چچا نے مبینہ غیرت کے نام پر قتل کر دیا تھا۔

تھانہ جاتلی پولیس نے پولیس ملازم کی مدعیت میں مقتولہ کے والد اور چچا کے خلاف قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا تھا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق 17 سالہ طالبہ 3 فروری کو اچانک اپنے گھر سے غائب ہو گئی تھی، جس کے بعد اس کے والد اور چچا کو تلاش کرنے پر لڑکی سید اڈہ سے ملی، جس پر انہیں شبہ ہوا کہ اس نے کسی کے ساتھ تعلقات قائم کر رکھے تھے اور گھر سے بھاگ گئی تھی۔

متن مقدمہ میں مزید کہا گیا تھا کہ اگلے روز اس لڑکی کی موت ہوگئی، جسے آبائی قبرستان سیدگاؤں میں دفنا دیا گیا، قوی شبہ ہے کہ لڑکی کو گھر سے بھاگنے کی وجہ سے غیریت کے نام پر زہر، گلا دبا کر یا سانس روک کر قتل کیا گیا اور جرم چھپانے کے لیے تدفین کر دی گئی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق پولیس نے متوفیہ کی والدہ، اس کے والد اور چچا کو طلب کر کے تحقیقات کیں تو مقتولہ کی والدہ نے تحریری بیان میں بتایا کہ میری بیٹی گھر سے اچانک غائب ہوگئی تھی، جس کی چچا کے بیٹے کے ساتھ منگنی ہو چکی تھی اور دیور بھی ساتھ ہی رہتے ہیں۔

مقتولہ کی والدہ کا بیان میں مزید بتایا تھا کہ میرے شوہر اور دیور نے نعلین زہرہ کو تلاش کیا اور جرگے سے تقریباً رات ایک بجے اسے لے کر گھر پہنچے، دیور میری بیٹی کو اپنے کمرے میں لے گیا، صبح نعلین زہرہ بستر سے نہ اٹھی، اس کی موت ہو چکی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کی والدہ نے بیان میں بتایا کہ اپنی بیٹی کی ناگہانی موت پر گھر میں شور شرابہ کیا تو دیور نے خاوند کے سامنے بتایا تھا کہ ہم عزت دار لوگ ہیں، یہ ملنگوں کے لڑکے کے ساتھ بھاگ گئی تھی، اس رنج کی وجہ سے نعلین زہرہ کو گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں زبردستی کھلا کر قتل کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ اس واقعے سے چند روز قبل پنجاب کے ضلع راجن پور میں مبینہ زیادتی کی شکار حاملہ بیٹی کو باپ نے قتل کردیا تھا، پولیس نے زیادتی کے الزام میں بچی کے چچا سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق تحصیل روجھان کےعلاقے عمرکوٹ میں چچا اپنی 22 سالہ بھتیجی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بناتا رہا، حاملہ ہونے پر باپ نے بھائیوں کے ساتھ مل کر بیٹی کوگلہ دبا کر قتل کرنے کے بعد لاش قبرستان لے گئے تھے۔

پولیس کے مطابق تھانہ عمرکوٹ پولیس نے اطلاع پر قبرستان پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا، دوران تفتیش والد نے قتل کا اعتراف کر لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 19 فروری 2025
کارٹون : 18 فروری 2025