کسی جج کے خلاف فی الحال ریفرنس بھیجنے کا ارادہ نہیں، عرفان صدیقی
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ کسی جج کے خلاف فی الحال ریفرنس زیر غور نہیں۔
ڈان نیوز کے پروگرام ان فوکس میں گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ کسی جج کے خلاف ریفرنس فی الحال زیرغور نہیں، تاہم کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر مستقبل میں ریفرنس دائر نہ کرنے کی ضمانت نہیں دے سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست دان تو واک آؤٹ اور بائیکاٹ کرتے ہیں لیکن جج صاحبان کا واک آؤٹ یا بائیکاٹ کرنا کبھی نہیں دیکھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنااللہ نے کہا تھا کہ 2 ججوں کے خلاف ریفرنس آسکتا ہے۔
آج صبح سپریم کورٹ کے پیونی جج جسٹس منصور علی شاہ نے کہا تھا کہ کسی سے کوئی ذاتی عناد یا اختلاف نہیں، جبکہ کچھ غلط کیا ہی نہیں تو ریفرنس کا ڈر کیوں ہوگا۔
سپریم کورٹ میں حلف برداری کی تقریب کے بعد جسٹس منصور علی شاہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی تھی۔
سپریم کورٹ کے پیونی جج سے ایک صحافی نے سوال کیا تھا کہ سنا ہے آپ کے خلاف ریفرنس آرہا ہے، اس پر جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ ’ریفرنس جب آئے گا تب دیکھی جائے گی، کچھ غلط کیا ہی نہیں تو ریفرنس کا ڈر کیوں ہونا، اللہ مالک ہے۔‘
انہوں نے کہا تھا کہ ’کسی سے کوئی ذاتی عناد یا اختلاف نہیں، کمرے میں موجود ہاتھی کسی کو نظر نہ آئے تو کیا کہہ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ باقی تمام ججز کے ساتھ ملاقات ہوتی ہے، اکٹھے چائے بھی پیتے ہیں۔