چیمپئنزٹرافی کے افتتاح پر ہی بابراعظم اہم اعزاز سے محروم
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کی تازہ رینکنگ جاری کردی جس میں بابراعظم کو دھچکا لگا ہے اور وہ پہلی سے دوسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔
آئی سی سی کی ویب سائٹ پر جاری تازی اعدادو شمار کے مطابق قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم سے ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن چھن گئی۔
بھارت کے شبمن گل ایک بار پھر سے پہلے نمبر پر آگئے ہیں جب کہ بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے، شبمن گل کے 796 اور بابراعظم کے 773 رینکنگ پوائنٹس ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت میں ہونے والے 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ کے دوران بھی شبمن گل نے بابراعظم سے پہلی پوزیشن چھینی تھی تاہم اسی سال بابراعظم نے گل سے پہلی پوزیشن واپس حاصل کرلی تھی۔
اسی طرح، بھارت کے کپتان روہت شرما کا تیسرا نمبر ہے جب کہ جنوبی افریقہ کے ہینرک کلاسن، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل، بھارت کے ویرات کوہلی، آئرلینڈ کے ہیری ٹیکٹر، سری لنکا کے چرت اسلانکا، بھارتک کے شریس ایئر اور ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ بالترتیب چوتھے سے دسویں نمبر پر موجود ہیں۔
علاوہ ازیں، پاکستان کے فخرزمان ایک درجہ تنزلی کے بعد 14 ویں اور کپتان محمد رضوان 6 درجےبہتری کے بعد15 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ون ڈے رینکنگ میں باؤلرز کی بات کریں تو شاہین شاہ آفریدی کی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے جب کہ سری لنکا کے مہیش تھکشانا نمبر ون بولر بن گئے اور افغانستان کے راشد خان دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
نمیبیا کے برنارڈ شولٹز تیسرے، بھارت کے کلدیب یادو چوتھے، پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی پانچویں اور جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج چھٹی پوزیشن پر براجمان ہیں۔
نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر اور میٹ ہینری، ویسٹ انڈیز کے گداکیش موتی اور بھارت کے محمد سراج بالترتیب ساتویں سے دسویں نمبر پر موجود ہیں۔