اسحٰق ڈار کی نیویارک میں سعودی نائب وزیرِ خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق
پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے نیویارک میں مملکتِ سعودی عرب کے نائب وزیرِ خارجہ، انجینئر ولید عبد الکریم الخریجی سے ملاقات کی اور دو طرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
ڈان نیوز کے مطابق نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے سعودی عرب میں ولی عہد اور وزیرِ اعظم، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود کی بصیرت افروز قیادت میں ہونے والی شاندار ترقی کی تعریف کی اور علاقائی و عالمی امن و استحکام کے فروغ میں سعودی عرب کے کلیدی کردار کو تسلیم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور تجارت، سرمایہ کاری اور تجارتی شعبوں میں وسیع البنیاد شراکت داری کے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، اس موقع پر پاکستان میں موجود وسیع سرمایہ کاری کے مواقع کو بھی اجاگر کیا گیا۔
ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال، بالخصوص غزہ اور مغربی کنارے میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی کے مکمل نفاذ، عوام کے لیے فوری اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی، تعمیرِ نو کے جلد آغاز اور مسئلہ فلسطین کے 2 ریاستی حل کی طرف پیش رفت پر زور دیا۔
اس کے ساتھ ساتھ، مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کے حل میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اہم کردار کو بھی اجاگر کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب نے مشترکہ خوشحالی اور علاقائی استحکام کے لیے اپنے کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔