کراچی: کورنگی میں مسلح ملزمان کی فائرنگ، سسر جاں بحق، داماد زخمی
سندھ کے دارالحکومت کراچی کے کورنگی میں فائرنگ سے سسر جاں بحق اور اس کا داماد زخمی ہوگیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ کورنگی سیکٹر 51 سی میں ذاتی جھگڑے پر جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 55 سالہ سید متین خان کے نام سے ہوئی، جب کہ 27 سالہ محمد کامران زخمی ہوا۔
زمان ٹاؤن کے ایس ایچ او عتیق الرحمٰن نے بتایا کہ متاثرہ افراد اپنے گھر کے باہر کھڑے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے، متین کو 2 گولیاں لگیں جن میں سے ایک سینے پر لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی، جب کہ کامران کی ٹانگ پر گولی لگی۔
دونوں کو ابتدائی طور پر کورنگی کے قریبی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں سے انہیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی ) ریفر کر دیا گیا، تاہم متین نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔
پولیس افسر نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ متوفی مشتبہ افراد کا اصل ہدف تھا، متاثرہ شخص ماضی میں ایک سیاسی جماعت سے وابستہ رہا ہے، اس وقت وہ پانی کی فروخت کا کاروبار کر رہا تھا اور کیبل نیٹ ورک سروس بھی چلاتا تھا۔
پولیس نے مضروب کامران کی مدعیت میں 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرلی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق شکایت کنندہ نے کہا کہ وہ اپنے سسرال والوں کے ساتھ رہتا ہے اور منرل واٹر کی سپلائی کا کاروبار کر رہا ہے، وہ رات 10 بجے اپنے گھر کے ایک حصے کے اندر آر او پلانٹ میں کام کرنے میں مصروف تھا، موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان اچانک وہاں نمودار ہوئے اور فرار ہونے سے پہلے فائرنگ کی، گولیوں کی آواز سن کر اہل خانہ گھر سے باہر آئے اور انہیں ہسپتال لے گئے۔
12 سالہ لڑکا گولی لگنے سے زخمی
پولیس اور ریسکیو حکام نے بتایا کہ بدھ کے روز الٰہ دین پارک کے قریب ہفتہ وار بازار میں ایک نوجوان لڑکے کو گولی مار کر زخمی کر دیا گیا۔
گلستان جوہر پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ بازار میں 2 گروپوں نے ذاتی جھگڑے پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 12 سالہ عبدالقدیر کی ٹانگ پر گولی لگی، انہیں جے پی ایم سی منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔