کراچی میں تمام مرکزی سڑکوں سے چارجڈ پارکنگ ختم کردی گئی
کراچی میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے تمام مرکزی سڑکوں سے چارجڈ پارکنگ ختم کردی گئی ہے، ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام علاقوں سے چارجڈ پارکنگ ختم کرنے کا ٹاسک سیکشنز افسران کو دے دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق حکومتی اعلان کے بعد کراچی کے تمام علاقوں میں چارجڈ پارکنگ ختم کردی گئی ہے، ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام علاقوں سے چارجڈ پارکنگ ختم کرنے کا ٹاسک سیکشنز افسران کو دے دیا۔
چارجڈ پارکنگ کے خاتمے کے بعد صدر میں پریڈی تھانے کی حدود میں لگنے والے پارکنگ لاٹس ختم کرا دیے گئے۔
واضح رہے کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رواں ماہ ہی کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی تمام پارکنگ سائٹس مفت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ عوامی مفاد میں کیا گیا ہے، کے ایم سی کی پارکنگ سائٹس سے اب کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی اور یہ فیصلہ جلد کیا جائے گا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ کراچی کی 106 مرکزی سڑکوں پر قائم 46 پارکنگ سائٹس پر فیس نہیں لی جائے گی جب کہ 25 ٹاؤنز اور 6 کنٹونمنٹ بورڈز میں پارکنگ فیس برقرار رہے گی۔
مئیر کراچی کا کہنا تھا کہ نوٹی فکیشن جاری کر کے شہریوں پر پارکنگ فیس کا بوجھ ختم کر دیا جائے گا جب کہ کے ایم سی کے نام پر غیرقانونی پیسے وصول کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی اب اپنے پیروں پر کھڑی ہو گئی ہے، کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے سے زائد موجود ہیں۔