کراچی میں حادثات کا سلسلہ جاری، ڈمپر کی بس کو ٹکر سے 9 افراد زخمی
کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں بس اور ڈمپر میں تصادم کے باعث 9 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق حادثہ مواچھ گوٹھ کے قریب پیش آیا، زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا، زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل 17 اور 18 فروری کی درمیانی شب کراچی کے علاقے جیل چورنگی پل پر واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ایک اور شہری جان کی بازی ہار گیا تھا، جس کے بعد مشتعل افراد نے 5 واٹر ٹینکروں کو آگ لگادی تھی۔
واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جب کہ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے کے لیے پہنچ گیا۔
19 فروری کو واٹر کارپوریشن کے ٹینکرز مالکان نے ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں عوام کی جانب سے بھی ہمیں پریشانی اور خوف لاحق ہے، کیونکہ ہمارے ٹینکرز جلائے جا رہے ہیں، جیل چورنگی کے قریب واٹر کارپوریشن کے 5 ٹینکرز جلانے پر احتجاجاً ٹینکرز بند کر دیے ہیں۔
واٹر ٹینکرز مالکان کی جانب سے ہڑتال کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد کو پانی کی سپلائی معطل ہونے اور شہر میں پانی کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا، کراچی میں کئی علاقوں کے رہائشی پانی کے استعمال کے لیے واٹر ٹینکرز پر انحصار کرتے ہیں، کیونکہ بیشتر علاقوں میں واٹر بورڈز کی لائن کے ذریعے پانی فراہم نہیں کیا جاتا ہے۔
شہر کے پوش علاقے ڈیفنس، متوسط طبقے کی آبادی والے بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن سمیت متعدد دور دراز علاقوں میں پانی کی سپلائی کے لیے ٹینکرز اور چھوٹی سوزوکیاں استعمال کی جاتی ہیں۔