• KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:52pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:15pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 4:18pm
  • KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:52pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:15pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 4:18pm

لاہور پولیس نے 11 سالہ مغوی بچہ بازیاب کرالیا، اغوا کار رشتہ دار نکلا

شائع February 20, 2025
لاہور کے تھانہ فیکٹری ایریا کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے  ملزم کو گرفتار کیا
— فائل فوٹو:
لاہور کے تھانہ فیکٹری ایریا کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا — فائل فوٹو:

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں رشتہ دار کی جانب سے تاوان کی غرض سے اغوا کیے گئے 11 سالہ بچے کو بازیاب کروا لیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں تھانہ فیکٹری ایریا کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک اغوا کار کو گرفتار کر لیا، ملزم مغوی بچے کا رشتے دار نکلا۔

لاہور میں گھر کے باہر کھیلتے ہوئے 11 سالہ علی اکبر کو فیکٹری ایریا کے علاقے سے اغوا کرلیا گیا تھا۔

اغوا کی واردات انجام دینے کے بعد سفاک ملزم نے مغوی بچے کے والدین کو موبائل فون پر 7 لاکھ روپے تاوان ادا کرنے کرنے کے لیے فون کال کی تھی۔

اس کے بعد ہوشیاری دکھاتے ہوئے ملزم موبائل سم اور لوکیشن بدل بدل کر کال کرتا اور رقم کا مطالبہ کرتا رہا، تاہم پنجاب پولیس نے جدید اور ٹیکنیکل وسائل کا استعمال کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس حکام کے مطابق بچے کے اغوا کے کیس میں گرفتار کیا گیا شخص مغوی کا رشتہ دار ہی ہے، پولیس نے اغوا کار سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل لاہور پولیس نے والدہ کے ساتھ راستے سے گزرتے ہوئے بچہ کے سر میں ایئرگن کا چھرا مارنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

ملزم یاسر کو 15 پر کال موصول ہونے پر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ نشتر کالونی کی حدود فارسی چوک میں واقع گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق والدہ اپنے بچے عیسٰی کو لے کر فارسی چوک کے قریب گلی میں جا رہی تھی، کہ ملزم نے اپنی ایئر گن سے بچے کو ڈرانے کے لیے فائر کیا، گن کا چھرا سر پر لگنے سے بچہ بے ہوش ہو گیا جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم یاسر سے بندوق برآمد کرلی گئی، ملزم کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرکے اسے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے خبردار کیا تھا کہ اسلحہ سے کھیلنا جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے، عوام اس طرح کے اقدام سے گریز کریں، ورنہ انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 فروری 2025
کارٹون : 20 فروری 2025