کراچی: ہیوی ٹریفک سے حادثات میں مزید 2 موٹر سائیکل سوار جاں بحق
کراچی میں شارع فیصل اور نیشنل ہائی وے پر ہیوی ٹریفک سے ہونے والے 2 مختلف حادثات میں 2 موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں ڈمپرز اور ٹینکروں سے ٹریفک حادثات میں اضافے اور شہریوں کی ہلاکت پر احتجاج کے پیش نظر صوبائی حکومت کی جانب سے حال ہی میں شہر میں بھاری گاڑیویوں کی نقل و حرکت سے متعلق قوانین سخت کیے گئے تھے۔
رواں ماہ کے اوائل میں صوبائی حکومت نے دن کے وقت بھاری گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں صرف رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک چلانے کی اجازت دی تھی۔
تاہم پانی، پیٹرولیم مصنوعات، ادویات، گوشت اور دیگر ضروری اشیا لے جانے والے ٹرکوں کو استثنیٰ دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، ڈمپر اور ٹرالرز کی وجہ سے پیش آنے والے حادثات کے باعث حکومت سندھ نے تمام ہیوی گاڑیوں کے لیے فزیکل فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا تھا۔
شاہ لطیف ٹاؤن کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) راجہ عباس نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ پہلا واقعہ انور بلوچ ہوٹل کے قریب ملیر پل پر پیش آیا، 22 وہیلر ٹرالر سے حادثے کے بعد موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق اور اس کے ساتھ موجود رشتہ دار شدید زخمی ہوگیا۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار صدر سے گھر کی جانب جارہے تھے اور یہ حادثاتہ رات ڈیڑھ بجے کے قریب پیش آیا۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) لے جایا گیا جہاں 35 سالہ محمد عامر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جب کہ اس کے بہنوئی 28 سالہ ساجد کو ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
ایس ایچ او عباس نے بتایا کہ ٹرالر کے ڈرائیور اور کنڈکٹر کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کی ممکنہ وجہ یہ تھی کہ پل پر دو بھاری گاڑیاں چل رہی تھیں کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار نے ان کے درمیان گھسنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔
پولیس نے مقتول کے بھائی کلیم الدین کی شکایت پر ڈرائیور کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 320 (تیز رفتاری یا لاپرواہی سے گاڑی چلانے پر غلطی سے قتل)، 379 (چوری کی سزا) اور 427 کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔
19 سالہ بائیکا رائیڈر جاں بحق
دوسرے واقعے میں شارع فیصل پر ڈمپر نے موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر ماری جس کے نتیجے میں 19 سالہ بائیکیا رائیڈر جاں بحق ہوگیا۔
شارع فیصل کے ایس ایچ او فیصل گل خواجہ کے مطابق یہ واقعہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے دفتر کے قریب رات 2 بجے کے قریب پیش آیا۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ زخمی کو جے پی ایم سی لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، اس کے رشتہ داروں کا فوری طور پر پتا نہیں چل سکا۔
ڈمپر اور بس میں تصادم سے 9 افراد زخمی
اس کے علاوہ، ایک اور حادثے میں کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں بس اور ڈمپر میں تصادم کے باعث 9 افراد زخمی ہوگئے۔
حادثہ مواچھ گوٹھ کے قریب پیش آیا، زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا، زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔