چیمپئنز ٹرافی میں دیگر ممالک کی جانب سے بائیکاٹ کا مطالبہ ہم پر دباؤ نہیں ڈال سکتا، افغان کپتان
افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے خواتین سے متعلق رویے پر دیگر ممالک کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے میچوں کے بائیکاٹ کے مطالبے پر ہماری ٹیم پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں افغانستان گروپ بی میں اپنی مہم کا آغاز جمعہ کو کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے کرے گا۔
گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے وزیر کھیل گیٹن میکنزی نے برطانوی سیاست دانوں کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے دوران افغانستان سے میچز کے بائیکاٹ کے مطالبے کی حمایت کی تھی۔
برطانوی سیاست دانوں کے ایک گروپ کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے دوران افغانستان کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا تھا جسے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ گولڈ نے یہ مسترد کردیا تھا۔
انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے دیے گئے جواب میں کہا گیا تھا کہ ای سی بی کا افغانستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں لیکن آئی سی سی ایونٹس میں ان کی شرکت کسی انفرادی ممبر کا نہیں بلکہ مجموعی طور پر گورننگ باڈی کا معاملہ ہے۔
خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے گروپ بی میں شامل آسٹریلیا نے خواتین سے متعلق رویے پر افغانستان کے خلاف ایک ٹی20 سیریز اور ایک ٹیسٹ منسوخ کیا تھا، تاہم چیمپئنز ٹرافی کے دوران وہ افغانستان سے اپنا میچ شیڈول کے مطابق کھیلیں گے۔
حشمت اللہ شاہدی نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا ’ ہم صرف گراؤنڈ کے اندر چیزوں کو کنٹرول کرتے ہیں اور یہ ہمارا کام ہے تاہم اس کے علاوہ دیگر چیزیں ہمیں دباؤ میں نہیں لاسکتیں۔
یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں افغانستان کا مقابلہ 26 فروری کو لاہور میں انگلینڈ سے ہوگا اور پھر دو دن بعد اسی گراؤنڈ پر وہ آسٹریلیا سے مدمقابل ہوں گے۔
افغان کپتان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ ہم اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، خاص طور پر گزشتہ 3 سالوں کے دوران ہم نے کھیل پر توجہ مرکوز کررکھی ہے۔
خیال رہے کہ افغانستان نے بھارت میں ہونے والے 2023 کے ورلڈ کپ میں 3 سابق چیمپئنز انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا کو شکست دی تھی جب کہ وہ گزشتہ سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنلسٹ رہے ہیں۔
حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں شارجہ میں جنوبی افریقہ کو شکست دی ہے لہذا ہمیں خود پر اعتماد ہے اور ہم کسی دباؤ میں نہیں ہیں۔
افغانستان کے کپتان نے کہا کہ ان کی ٹیم ٹرافی جیتنا چاہتی ہے اور ہم یہاں صرف چیمپئز ٹرافی میں شرکت کرنے نہیں آئے بلکہ فائنل جیتنے کے لیے آئے ہیں۔