بھارت کے خلاف میچ کیلئے ہم پر کوئی دباؤ نہیں ہے، حارث رؤف
فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ میں ہم پر کوئی دباؤ نہیں ہے، ہم بہت ریلیکس ہیں۔
دبئی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا فوکس بھارت کے خلاف میچ کی طرف ہے، جو غلطیاں ہم نے نیوزی لینڈ کے خلاف کیں وہ نہ کریں، بھارت کے خلاف بہت اہم میچ ہے، اگر ہمیں ٹورنامنٹ میں رہنا ہے تو کرو یا مرو جیسی صورتحال ہے۔
حارث رؤف نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ جیتنے کی کوشش کریں گے تاکہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرسکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سارے لڑکے مثبت ہیں، ہمارے لیے یہ میچ بہت اہم ہے، سب لڑکے اپنا بہترین دینے کی کوشش کریں گے، تینوں شعبوں میں جان مارنے کی کوشش کریں گے۔
فاسٹ باؤلر نے کہا کہ ہم پریکٹس کر رہے ہیں اور کوشش ہے کہ لوگوں کو اچھا میچ دیکھنے کو ملے، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے، ہم بہت ریلیکس ہیں۔
اپنی فنٹس سے متعلق سوال پر حارث رؤف کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں پورے 10 اوور کروائے تھے، میں بالکل فٹ ہوں۔
حارث رؤف نے کہا کہ ہم نے دبئی میں گزشتہ دو میچ میں جس طرح بھارت کو شکست دی تھی، ہماری کوشش ہوگی کہ اسی طرح کی کرکٹ کھیلیں، الحمد اللہ لڑکے پُراعتماد ہیں، اچھا میچ ہوگا۔
واضح رہے کہ 19 فروری کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 60 رنز سے شکست دے دی تھی، 321 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 260 رنز ہی بناسکی تھی۔
نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں ول یونگ اور ٹام لیتھم کی سینچریوں کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی ٹیم 47.2 اوورز میں 260 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی تھی۔
چیمپئنز ٹرافی کا بڑا مقابلہ 23 فروری بروز اتوار کو روایتی حریفوں کے درمیان ہوگا۔