آسٹریلیا نے انگلینڈ کیخلاف چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرکے تاریخ رقم کردی

شائع February 22, 2025
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو
— فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو
— فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو
— فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: آئی سی سی
— فوٹو: آئی سی سی
— فوٹو: آئی سی سی
— فوٹو: آئی سی سی

چیمپیئنز ٹرافی کے چوتھے میچ میں انگلینڈ نے بین ڈکٹ کی شاندار اننگز کی بدولت آسٹریلیا کو جیت کے لیے چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنایا تاہم کینگروز نے 2 اوورز پہلے ہی 352 رنز کا ہدف حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بین ڈکٹ کی 165 رنز کی اننگز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل 351 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

تاہم، آسٹریلیا نے جوش انگلس کی شاندار سینچری کی بدولت 2 اوورز پہلے ہی 5 وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔

بین ڈکٹ نے نہ صرف اپنی ٹیم کو اچھا ہدف فراہم کرنے میں مدد کی بلکہ انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

اس سے پہلے یہ ریکارڈ نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی نیتھن ایسٹل اور زمبابوے کے اینڈی فلاور کے پاس تھا جنہوں نے بالترتیب 2004 اور 2002 میں ، 145 145 رنز بناکر قائم کیا تھا۔

آسٹریلیا بیٹنگ

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے جارح مزاج اوپنر ٹریوس ہیڈ صرف 6 رنز بنانے کے بعد جوفرا آرچر کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے جس کے بعد کپتان اسٹیو اسمتھ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد بظاہر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ انگلینڈ یہ میچ آسانی سے جیت جائے گا لیکن میتھیو شارٹ نے مارنس لبوشین کے ساتھ ملکر 95 رنز کی شراکت قائم کی، لبوشین 47 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

میتھیو شارٹ نے اپنی نصف سینچری مکمل کی اور وہ 63 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد جوش انگلس اور الیکس کیری نے ذمہ دارنہ اننگز کھیلتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔

الیکس کیری نصف سینچری بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، وہ 69 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے تاہم آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار جوش انگلس نے ادا کیا جو 86 گیندوں پر 120 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔

گلین میکسوئل نے 15 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیلی وہ بھی ناٹ آؤٹ رہے، انگلینڈکی جانب سے مارک ووڈ، جوفرا آرچر، برائیڈن کارس، عادل رشید اور لیام لیونگ اسٹون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ بیٹنگ

اس سے قبل، آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور انگلینڈ کی ابتدائی 2 وکٹیں جلد حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے، اننگز کا آغاز کرنے والے فل سالٹ 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ جیمی اسمتھ بھی 15 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

دوسرے اوپننگ بلے باز بین ڈکٹ اور جو روٹ نے ملکر 158 رنز کی اہم شراکت قائم کی، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سینچریاں مکمل کیں، جو روٹ 68 رنز بنانے کے بعد ایڈم زمپا کا شکار بنے۔

بین ڈکٹ نے نہ صرف ون ڈے کیریئر کی تیسری سینچری مکمل کی بلکہ انہوں نے 150 رنز کا ہندسہ بھی عبور کیا، وہ 165 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے جس میں 3 چھکے اور 17 چوکے شامل تھے۔

اس دوران ہیری بروکس 3، کپتان جوز بٹلر 23 ، لیام لیونگ اسٹون 14 اور برائیڈن کارس 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ جوفرا آرچر نے آخری لمحات میں 10 گیندوں پر 21 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے بین دوارشوئس نے 3، ایڈم زمپا اور مارنس لبوشین نے 2،2 جب کہ گلین میکسوئل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے ٹاس کے وقت گفتگو میں کہا کہ پچ کافی اچھی لگ رہی ہے اور ٹریننگ کے دوران کچھ ڈیو پڑی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون میں ایلکس کیری کو شامل کیا گیا ہے۔

انگلش کپتان جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ وہ ٹاس جیتتے تو شاید بیٹنگ کا فیصلہ ہی کرتے، تاہم کھلاڑیوں پر پورا اعتماد ہے اور میچ کے لیے بہت پرجوش ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

آسٹریلیا: اسٹیو اسمتھ (کپتان)، ٹریوس ہیڈ، میتھیو شارٹ، مارنس لبوشین، جوش انگلس، ایلکس کیری، گلین میکسوئل ، بین دوارشوئس، نیتھن ایلِس، ایڈم زمپا اور اسپینسر جانسن

انگلینڈ: جوز بٹلر (کپتان)، فِل سالٹ، بین ڈکٹ، جیمی اسمتھ، جو روٹ، ہیری بروکس، لیام لیونگ اسٹون، برائیڈن کارس، جوفرا آرچر، عادل رشید اور مارک ووڈ

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 فروری 2025
کارٹون : 21 فروری 2025