چیمپئنز ٹرافی: پاک-بھارت میچ، قومی ٹیم کی دبئی میں پریکٹس، بابر اعظم نے حصہ نہیں لیا
چیمپئنز ٹرافی میں کل روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑے مقابلے سے قبل قومی اسکواڈ نے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں آپشنل ٹریننگ سیشن کی، تاہم بابر اعظم نے زکام کی وجہ سے حصہ نہیں لیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل فیس بک پر جاری پوسٹ کے مطابق کھلاڑیوں نے وارم اپ سیشن اور ایکسرسائز ڈرلز میں حصہ لیا، کوچز نے کھلاڑیوں کو کیچز اور فیلڈنگ کی پریکٹس کرائی۔
باولرز نے صرف ایکسرسائز ڈرل میں حصہ لیا اور باؤلنگ کی پریکٹس نہیں کی، جبکہ بیٹرز نے صرف وارم اپ سیشن میں حصہ لیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کل دبئی میں کھیلا جائے گا۔
ادھر، ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ اسٹار بیٹر بابر اعظم نے زکام کی وجہ سے آج آپشنل ٹریننگ سیشن میں حصہ نہیں لیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو زکام کی وجہ سے آنکھوں سے پانی نکل رہا تھا، بابر اعظم نے میڈیسن لی، اب ان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے۔
اس سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ملاقات کی تھی۔