• KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:53pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:17pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 4:19pm
  • KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:53pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:17pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 4:19pm

کراچی: ریڈ لائن منصوبے پر کام کے دوران پھر پانی کی لائن ٹوٹ گئی

شائع February 23, 2025
—فائل فوٹو: وائٹ اسٹار
—فائل فوٹو: وائٹ اسٹار

کراچی میں بس ریپڈ ٹرانسپورٹ (بی آر ٹی) ریڈ لائن منصوبے پر کام کے دوران یونیورسٹی روڈ پر ایک مرتبہ پھر پانی کی لائن ٹوٹ گئی جس کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق بی آر ٹی ریڈ لائن کے تعمیراتی کام کے دوران کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر ایک مرتبہ پھر پانی کی لائن ٹوٹ گئی۔

حسن اسکوائر سے جیل چورنگی کے درمیان لائن ٹوٹنے سے پانی سڑک پر آگیا جبکہ متعدد واٹر ٹینکرز بھی پانی بھرنے کی وجہ سے روڈ پر دھنس گئے۔

سڑک پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی جانب سے فراہمی آب کی لائنوں کے مرمتی کام کی وجہ سے شہر کے بیشتر علاقوں کو پانی کی فراہمی پہلے ہی بند ہے۔

واٹر کارپوریشن کے مطابق ایف ٹی ایم کی 48 انچ اور سی ٹی ایم کی 54 انچ کی لائن کی مرمت کی جارہی ہے، پانی کی لائنوں کا مرمتی کام72 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔

واٹر کارپوریشن کے مطابق مرمتی کی وجہ سے 250 ملین گیلن پانی کی قلت ہورہی ہے جس کے باعث لیاقت آباد، ناظم آباد، پاک کالونی، گولیمار، شیر شاہ، اولڈ سٹی ایریا، لانڈھی، کورنگی، پی اے ایف بیس مسرور میں بھی پانی کی سپلائی جزوی معطل ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 15 دسمبر کو کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر 3 کروڑروپے کی لاگت سے چند روز قبل مرمت کی گئی پانی کی لائن دوبارہ ٹوٹ گئی تھی جس کے بعد شہر قائد کو دھابیجی سے پانی کی سپلائی بند کردی گئی تھی۔

ترجمان واٹربورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ یونیورسٹی روڈ پر پانی کی 84 انچ قطرکی مرکزی لائن کا مرمتی کام پیر سے شروع کیا جائے گا جس میں 3 روز لگ سکتے ہیں۔

ترجمان واٹر بورڈ نے بتایا تھا کہ کراچی کو مجموعی طور پر 650 ملین گیلن یومیہ (ایم جی ڈی) پانی فراہم کیا جاتا ہے، شہر کو 500 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی، مرمتی کام کے باعث شہر کو یومیہ 150 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔

ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال نومبر کراچی میں پانی کی فراہمی کے پرانے نظام کو جدت کی جانب لانے کی طرف اہم پیشرفت اس وقت سامنے آئی تھی جب دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 40 سال پرانی ایک لائن کو تبدیل کردیا گیا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 24 فروری 2025
کارٹون : 23 فروری 2025