بارشیں کم ہونے کی وجہ سے فصلوں پر فرق پڑے گا، سینیٹ قائمہ کمیٹی کو بریفنگ
سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی میں وزارت خوراک کے حکام نے بتایا ہے کہ بارشیں کم ہونے کی وجہ سے فصلوں پر فرق پڑے گا جب کہ کچھ ماہرین کا خیال ہے بارشیں نہ ہونے سے 15 سے 20 فیصد فصلیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق مسرور احسن کی زیرِ صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔
وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی حکام نے گزشتہ سال 25-2024 کے پروجیکٹس پر کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ زراعت کے شعبے کے منصوبوں کو نجی شعبے کے ساتھ ملکر مکمل کریں گے جب کہ ٹیوب ویل سولرائزیشن کا منصوبہ وزارت پاور کے حوالے کردیا ہے۔
بریفنگ میں کہا کہ بلوچستان ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن پر 14 ارب کی لاگت آئے گی، وزارت خوراک نے رواں سال پی ایس ڈی پی کے 26 منصوبوں کے لیے 9 ارب 82 کروڑ رکھے گئے ہیں، اب تک وزارت فوڈ کو 3 ارب 49 کروڑ تک جاری ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ دنیا کے مقابلے میں ہماری زرعی پیداوار کی مقدار کم ہے، کم پیداوار کی وجہ غیر معیاری بیچ اور موسمیاتی تبدیلی ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ بھارت دنیا میں ہماری زرعی مارکیٹ کو خراب کررہا ہے، سینیٹر دوست محمد نے استفسار کیا کہ بارانی علاقوں میں گزشتہ 5 ماہ سے بارشیں نہ ہونے سے فصلوں پر کیا اثر پڑے گا؟
نیشنل فوڈ سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ اس حوالے سے مختلف ماہرین کی مختلف آرا پائی جارہی ہیں، کم بارشوں کی وجہ سے فصلوں پر فرق پڑے گا جب کہ کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے 15سے 20 فیصد فصلیں متاثر ھونے کا خدشہ ہے۔