عریشہ رضی خان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش
ماڈل و اداکارہ عریشہ رضی خان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔
عریشہ رضی خان نے یکم مارچ کو انسٹاگرام پر بچے کے پاؤں کو اپنے اور شوہر کے ہاتھوں میں تھامنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بیٹے کی پیدائش سے متعلق بتایا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ اب ان کا خاندان میں دو سے بڑھ کر تین افراد پر مشتمل ہوگیا اور وہ اپنے ہاں بچے کی پیدائش پر انتہائی خوش ہیں۔
انہوں نے بیٹے کا نام بتاتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بچے کا نام ’عبدل دایان‘ رکھا ہے۔ اداکارہ نے پوسٹ میں مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
اگرچہ اداکارہ نے اپنے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش کب ہوئی اور اب بچہ و زچہ کی صحت کیسی ہے؟
بعد ازاں اداکارہ نے نوزائیدہ بچے کے فوٹوشوٹ کی ویڈیو بھی شیئر کی، جس سے عندیہ ملتاہے کہ اداکارہ نے بچے کی پیدائش کا اعلان اس کی پیدائش کے چند دن بعد کیا ہوگا۔
ستمبر 2024 میں عریشہ رضی کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں، جن کے بعد چہ مگوئیاں تھیں کہ اداکارہ پہلے حمل سے ہیں اور بعد ازاں اداکارہ نے 2025 کے آغاز میں اپنے ہاں بچے کی متوقع پیدائش کی تصدیق کی تھی۔
اب انہوں نے اپنے ہاں شادی کے ایک سال بعد پہلے بیٹے کی پیدائش کی تصدیق کردی۔ عریشہ رضی خان عبدالصمد ضیا سے فروری 2024 میں شادی کی تھی، اس سے قبل انہوں نے 2022 میں نکاح کیا تھا۔
اب شادی کے ایک سال بعد اداکارہ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوگئی اور انہوں نے بچے کو امریکا میں جنم دیا۔