کراچی کیلئے بجلی 3 روپے، باقی ملک کیلئے 2 روپے 12 پیسے فی یونٹ سستی
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کے لیے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت کمی کر دی۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں3 روپے فی یونٹ کی کمی کردی گئی جبکہ کراچی کے سوا باقی ملک کے لیے بجلی 2 روپے 12 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی ہے۔
نیپرا نے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کےالگ الگ نوٹی فکیشنز جاری کر دیے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی صارفین کو کمی کا ریلیف مارچ کے بلوں میں ملے گا، کے الیکٹرک ؕصارفین کے لیے بجلی دسمبر 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں سستی کی گئی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق باقی ملک کے لیےجنوری 2025 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔
دریں اثنا، نیپرا نے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں کمی کے ریلیف سے متعلق پاورڈویژن کی درخواست منظورکرلی، جس کے تحت کراچی سمیت ملک بھرکے300 یونٹ تک گھریلو اور زرعی ٹیوب ویل صارفین کے لیے ریلیف منظور کیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں کمی کا اطلاق 300 یونٹ تک گھریلو صارفین کے لیے منظور کر لیا گیا، ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کافائدہ نان پرو ٹیکٹڈگھریلوصارفین کوملےگا۔
نیپرا نے زرعی ٹیوب ویل صارفین کے لیے بھی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں کمی کی منظوری دے دی، پاور ڈویژن نےماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں کمی کے ریلیف سے متعلق نیپرا کو خط لکھا تھا۔