شہباز شریف کا خیبرپختونخوا کیلئے مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے جنرل سیکریٹری مرتضی جاوید عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کے فلاح و بہبود کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی ترقی کے لیے پر عزم ہیں۔
اس موقع پر مرتضی جاوید عباسی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خیبر پختونخوا کا دورہ کرنے اور ہزارہ موٹروے پر ایبٹ آباد اور گردونواح کے لوگوں کی سہولت کے لیے ایک اور انٹرچینج کا سنگ بنیاد رکھنے کی دعوت دی۔
وزیر اعظم کا یہ بیان وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی شکایت کے ایک دن بعد آیا ہے، جب انہوں نے کہا تھا کہ مرکز صوبے کو واجب الادا فنڈز جاری نہیں کر رہا۔
انہوں نے گزشتہ ماہ وفاقی حکومت کو نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ پر اپنی آئینی ذمہ داری سے گریز کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور خبردار کیا تھا کہ اگر وفاقی حکومت اپریل تک نئے این ایف سی ایوارڈ کا اعلان کرنے میں ناکام رہی تو مئی میں ’فیصلہ کن کارروائی‘ کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا گنڈا پور نے کہا تھا کہ فاٹا کے انضمام سے صوبے کی آبادی میں 57 لاکھ (تین فیصد اضافہ) کا اضافہ ہوا اور اس کے اراضی کے رقبے میں 22,000 مربع کلومیٹر (3.8 فیصد) اضافہ ہوا، انہوں نے مزید کہا تھا کہ اعداد و شمار کے مطابق این ایف سی ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کا حصہ 14 فیصد سے بڑھ کر 19.6 فیصد ہونا چاہیے تھا، ابھی تک صوبے کو اس کا حصہ فیصد نہیں ملا۔