کراچی میں حادثات کا سلسلہ نہ رک سکا، مزید 6 افراد جاں بحق، 3 زخمی
شہرقائد کے مختلف علاقوں میں لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے باعث 6 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔
یہ حادثات گزشتہ روز پولیس چیف کی جانب سے ٹریفک حادثات میں اضافے کا تجزیہ کرنے کے لیے قائم کراچی روڈ ایکسیڈنٹ انالیسس ٹیم (کراٹ) کے بعد رونما ہوئے ہیں۔
کراچی ٹریفک پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پیر محمد شاہ نے ڈان کو تصدیق کی کہ کراچی میں آج ٹریفک حادثات میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بائیکا سوار کو مسافر کے ساتھ صبح سویرے جاپان کے قونصل خانے کے قریب نامعلوم گاڑی سے ٹکرا گیا۔
ڈی آئی جی کا مزید کہنا تھا کہ گاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی جس سے دونوں زمین پر گر گئے، انہیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر لے جایا گیا، جہاں مسافر کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔
سول لائنز تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) خان محمد بھٹی نے بتایا کہ متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی، جبکہ بائیکا سوار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ڈی آئی جی پیر محمد شاہ نے ایک اور واقعے میں بتایا کہ گزشتہ رات لیاقت آباد میں ہٹ اینڈ رن کے واقعے میں ایک راہگیر جاں بحق ہوا، شریف آباد پولیس کے ایس ایچ او مہر یوسف نے ان کی شناخت محمد شاہد کے نام سے کی۔
ایس ایچ او مہر یوسف نے مزید بتایا کہ شاہد سڑک عبور کر رہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے وہ جاں بحق ہوگئے۔
تیسرے واقعے میں منگھوپیر میں ناردرن بائی پاس پر ایک شخص موٹر سائیکل پر سوار تھا کہ نامعلوم گاڑی نے اسے ٹکر مار دی، ڈی آئی جی پیر محمد شاہ نے کہا کہ ایک عینی شاہد نے پولیس کو بتایا کہ واقعے میں ایک بس ملوث تھی۔
منگھوپیر پولیس کے ایس ایچ او عمران احمد خان نے مقتول کی شناخت ولی دیدار کے نام سے کی۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ وہ ایسے حادثات کو جلدی اور لاپرواہی کے طور پر دیکھتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ کراچی روڈ ایکسیڈنٹ انالیسس ٹیم نے حادثات کی وجوہات کا تجزیہ کرنا شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی تحقیقات فریئر ہال کے قریب حادثے کے حوالے سی کی گئی، انہوں نے مزید کہا کہ مہلک حادثات کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے یہ ایک ’تکلیف دہ عمل‘ ہے۔
اس کے علاوہ، ماڑی پور پولیس کے ایس ایچ او چوہدری اسلم نے بتایا کہ ایک 40 سالہ شخص بشیر احمد کو گزشتہ رات ماڑی پور روڈ پر مسلم کانٹا کے قریب ٹریلر نے ٹکر ماری۔
ان کا کہنا تھا کہ احمد موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ دونوں ڈرائیور گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق ایک اور واقعے میں ایک اور 30 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا، جبکہ ایک اور شخص اس وقت شدید زخمی ہو گئے، جب گزشتہ رات قیوم آباد پل کے قریب ایک ٹریلر نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر ماری۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ لاش اور زخمیوں کو جے پی ایم سی منتقل کیا گیا، جہاں فوری طور پر ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن نے بتایا کہ کل شام کورنگی میں ناصر جمپ کے قریب ایک حادثے میں 2 افراد شدید زخمی ہوگئے تھے۔
انہیں جے پی ایم سی لے جایا گیا، جہاں ان میں سے ایک آج دوپہر میں علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، جس کی شناخت 18 سالہ عمانویل شہباز کے نام سے ہوئی۔