بیرسٹر سیف نے حنیف عباسی کے ایم ایل ون سے متعلق بیان کو پاک چین تعلقات پر خودکش حملہ قرار دیدیا
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد سیف نے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کے ایم ایل ون منصوبے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اسے چین اور پاکستان کے تعلقات پر خودکش حملہ قرار دیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان نے ایک بیان میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا ایم ایل ون پر بیان ’خدا حافظ چین‘ کا سرکاری اعلان قرار دے دیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ وزیر ریلوے کا مائنس چین ایم ایل ون بنانے کا اعلان پالیسی شفٹ ہے، وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر وفاقی وزیرریلوے نے چین کو لال جھنڈی دکھادی۔
انہوں نے سوال کیا کہ حنیف عباسی نے ایم ایل ون خود بنانے کا بیان دے کر چین کو کیا پیغام دیا، حیران کن طور پر یہ بیان چین کی طرف سے 2 ارب ڈالر قرض مدت میں ایک سال کی توسیع کے باوجود دیا گیا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کے منفی بیان کے بعد حنیف عباسی کا یہ بیان پاک چین تعلقات پر ایک اور خود کش حملہ ہے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ شہباز حکومت افغانستان کے بعد اب چین کے ساتھ تعلقات بھی خراب کر رہی ہے، دفترخارجہ اس بیان کی وضاحت نہیں کرتا تو اسے سرکاری پالیسی سمجھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) ملازمین کو 16 تاریخ تک تنخواہیں نہ دے پانے والی حکومت ایم ایل ون منصوبہ ایفی ڈرین کی آمدن سے مکمل کرے گی؟
واضح رہے کہ تقریباً ایک دہائی سے سی پیک کا حصہ اور بین الاقوامی فنڈنگ کے منتظر منصوبے ایم ایل ون مین لائن کے حوالے سے وزیر ریلوے حنیف عباسی نے چند روز پہلے کہا تھا کہ اگر کوئی شراکت دار ساتھ نہ آیا تو حکومت اس منصوبے کے لیے اپنے وسائل استعمال کر سکتی ہے۔