سندھ کا پانی ہرگز کم ہونے نہیں دیں گے، کراچی کو اپنے حصے کا پانی مل رہا ہے، شرجیل میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ نئی نہروں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نہروں سے دریائے سندھ کا پانی کم ہوگا لہذا یہ نہیں بننی چاہیے اور ہم سندھ کا پانی کم ہونے نہیں دیں گے۔
ٹنڈو جام میں افطار ڈنر کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو میں سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ پوری سندھ حکومت کا نہروں پر واضح مؤقف ہے، نہروں سے دریا سندھ کا پانی کم ہوگا یہ نہیں بننی چاہیے اور ہم ایک انچ بھی سندھ کا پانی کم ہونے نہیں دیں گے جب کہ سندھ اسمبلی نےکینال معاملے پر قرارداد بھی منظور کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی کے ساتھ حد سے زیادہ انصاف کررہی ہے، کراچی سمیت سندھ میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں اور شہر کے حصے کا پورا پانی اسے مل رہا ہے جب کہ صوبائی حکومت کراچی کے پانی کے لیے حب کا پراجیکٹ چلارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کراچی سے بھتے بند کروادیے ہیں، ایک آواز پر ہڑتالیں ہوتی تھیں وہ بھی بند کروادیے ہیں، ایک جماعت بلدیاتی الیکشن سے بھاگی اور سب جانتے کیوں بھاگی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم والے ملنگوں کی طرح چل رہے ہیں، ایم کیو ایم کا سمجھ نہیں آتا ان کی سیاست کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن پاکستان میں سیاست کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں، مولانا صاحب سے ہم سیکھتے ہیں پاکستان کو ان کی ضرورت ہے۔
دہشت گردی کے حالیہ واقعات سے متعلق سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ بلوچستان میں افسوسناک واقعہ ہوا،یہ سنگین دہشتگردی ہے، یہ پاکستان کی ترقی کو روکنے کی سازش ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی را ہمارے ملک کو کمزور کرنے کے لیے یہ سب کررہا ہے اور اس میں ہمارے لوگ ہی استعمال ہورہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں جتنی پارکنگ ہیں وہ غیر قانونی چلارہے ہیں، بلدیاتی اداروں کو تمام پارکنگ ختم کرنے کا کہا ہے، یہ محکمہ اطلاعات نے چیئرمین بلاول کے احکامات پر لانچ کیا ہے۔