پی ٹی آئی کا قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ، ارکان کی فہرست بھجوادی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کو شرکت کرنے والے اپنے ارکان کی فہرست بھجوا دی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردوں کے خلاف قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کے لیے حکومت نے پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا بند کمرے کااجلاس کل (منگل) کو طلب کیا ہے، قومی اسمبلی اجلاس میں پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلانے کی تحریک منظور کر لی گئی۔
اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے، ان کیمرہ اجلاس میں عسکری قیادت اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ امن وامان کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔
اجلاس میں کابینہ کے اراکین کے علاوہ پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنما اور ان کے نامزد نمائندگان شرکت کریں گے۔
دوسری جانب، تحریک انصاف نے بھی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے پی ٹی آئی نے ارکان کی فہرست اسپیکر قومی اسمبلی کو بھیجوادی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمرایوب، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر خان، زرتاج گل، اسد قیصر، علی محمد خان سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، سینیٹر ہمایوں مہمند اور سینیٹر علی ظفر اجلاس میں شریک ہوں گے۔
اس کے علاوہ فہرست میں حامد رضا، عون عباس، زبیرخان، ثنااللہ مستی خیل، بشیر خان اور عامر ڈوگر کے نام بھی شامل ہیں۔