• KHI: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • LHR: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • ISB: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • KHI: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • LHR: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • ISB: Zuhr 5:00am Asr 5:00am

کراچی: قائدآباد پل کے نیچے پولیس کیمپ پر دستی بم حملہ، 3 اہلکار اور راہگیر زخمی

شائع March 28, 2025
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

کراچی کے علاقے قائد آباد پل کے نیچے پولیس کیمپ پر دستی بم حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار اور ایک راہگیر زخمی ہو گیا۔

محکمہ انسدادِ دہشگردی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) عرفان علی بہادر نے ڈان کو بتایا کہ پولیس اس حملے کو دہشت گردی کے طور پر دیکھ رہی ہے، تاہم ابھی تک کسی نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ مشتبہ افراد نے پل سے ایک دستی بم پھینکا، جو پولیس کیمپ میں جا گرا۔

ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی نے ایک بیان میں کہا کہ زخمیوں میں پولیس قومی رضاکاروں کے 2 اور اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کا ایک اہلکار شامل ہے جبکہ ایک راہگیر بھی زخمی ہوا، انہوں نے مزید بتایا کہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق زخمیوں کی شناخت 26 سالہ یوسف امین، 23 سالہ جنید پرویز، 26 سالہ فیاض مزمل اور 25 سالہ زوہیب قدوس کے نام سے ہوئی، جنہیں علاج کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

دریں اثنا، قائد آباد پل کے نیچے پولیس کیمپ پر کریکر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سرکار کی مدعیت میں حملے کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گردی میں درج کیا گیا، جس میں انسداد دہشت گردی اورایکسکپلوزیو ایکٹ سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق عید الفطر پولیس کیمپ پر پولیس اہلکار ابرار، عبدالرشید، راجا تنویر، خان گل، جنید اور یوسف موجود تھے، رات ایک بجکر 5 منٹ پر کیمپ کے قریب زور دار دھماکا ہوا۔

واضح رہے کہ یکم مارچ 2025 کو کراچی کے پریڈی تھانے پر جمعہ کی رات دیر گئے دستی بم حملے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا نے ڈان کو بتایا تھا کہ نامعلوم افراد نے تھانے پر دستی بم پھینکا، جس کے نتیجے تین پولیس اہلکار 36 سالہ ریاض احمد، 34 سالہ عامر ظفر اقبال اور 52 سالہ محمد ارشد زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 31 مارچ 2025
کارٹون : 30 مارچ 2025