اداروں کیخلاف پروپیگنڈے کا الزام، گلوکار سلمان احمد پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ
معروف گلوکار سلمان احمد کے خلاف سوشل میڈیا پر قومی سلامتی کے اداروں اور ریاست کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کے الزام میں پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
کراچی کے تھانہ ڈیفنس اے میں سلمان احمد کے خلاف مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
گلوکار سلمان احمد کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق سلمان احمد کے ایکس پر 2 لاکھ 65 ہزار فالوورز ہیں، سلمان احمد نے قومی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کیا۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزم نے قومی اداروں کے خلاف نفرت انگیز پوسٹ وائرل کی جسے ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسر نے بذات خود دیکھا۔
واضح رہے کہ گلوکار سلمان احمد پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے حامی ہیں اور پارٹی کے سابق رکن بھی رہ چکے ہیں۔
ان دنوں وہ بیرون ملک ہیں ، تاہم پاکستان میں رہتے ہوئے وہ بڑی سرگرمی سے پی ٹی آئی کے جلسوں، ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں میں حصہ لیتے رہے ہیں۔
گذشتہ برس دسمبر میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اہل خانہ کے خلاف تنقید کرنے پر ان کی بنیادی رکنیت ختم کردی گئی تھی۔
سلمان احمد نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 26 نومبر کے مظاہروں کے دوران سیاسی کردار کیخلاف پوسٹس کی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی حامیوں کی جانب سے ان پر تنقید کی گئی تھی۔
عمران خان نے اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ بی بی پر بے بنیاد الزامات لگانے پر سلمان احمد کی ’ایکس‘ پوسٹس کو ’احمقانہ‘ قرار دیا تھا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ سلمان احمد کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کی جاتی ہے اور انہیں فوری طور پر پارٹی سے نکالا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ سلمان احمد کو 2022 میں ثقافت کے حوالے سے عمران خان کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا تھا جبکہ 2016 میں انہیں اسلام آباد پولیس کی جانب سے عمران خان کی بنی گالہ میں رہائش گاہ کے باہر مختصر وقت کے لیے اس وقت حراست میں لیا تھا جب وہ ان سے ملاقات کرنے جارہے تھے۔