ڈومینک ریپبلک: نائٹ کلب کی چھت گرنے سے اموات 98 ہوگئیں، مرنے والوں میں گورنر بھی شامل
ڈومینیکن ریپبلک کے دارالحکومت سینٹو ڈومنگو میں ایک نائٹ کلب کی چھت گرنے سے مرنے والوں کی تعداد 98 ہوگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد 150 سے زائد ہوگئی، اموات بڑھنے کا خدشہ ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک صوبائی گورنر اور میجر لیگ بیس بال کے سابق کھلاڑی اوکٹاویو ڈوٹل بھی شامل ہیں، 51 سالہ اوکٹاویو ڈوٹل ملبے سے نکالے جانے کے بعد ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
یہ واقعہ منگل کو علی الصبح جیٹ سیٹ نائٹ کلب میں مشہور گلوکار روبی پیریز کے کنسرٹ کے دوران پیش آیا، وہ ملبے میں پھنسے ہوئے افراد میں شامل تھے۔
نائٹ کلب میں سیکڑوں افراد موجود تھے اور تقریباً 400 امدادی کارکن اب بھی زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں، ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر (سی او ای) کے ڈائریکٹر خوان مینوئل مینڈیز نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ گرنے والی چھت کے نیچے دبے بہت سے افراد اب بھی زندہ ہیں۔
جیٹ سیٹ سینٹو ڈومنگو میں ایک مشہور نائٹ کلب ہے جو باقاعدگی سے پیر کی شام کو رقص و موسیقی کے کنسرٹ کی میزبانی کرتا ہے، تقریب میں سیاست دان، ایتھلیٹس اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
صدر لوئس ابینادر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں مونٹی کرسٹی صوبے کی گورنر نیلسی کروز بھی شامل ہیں، وہ سابق بیس بال کھلاڑی نیلسن کروز کی بہن تھیں جو 7 بار میجر لیگ بیس بال آل اسٹار رہ چکے ہیں۔
اوکٹاویو ڈوٹل نے 1999 میں نیو یارک میٹس کے لیے کھیلنا شروع کیا اور 2013 تک ہیوسٹن ایسٹروز، اوکلینڈ اے، نیو یارک یانکیز، شکاگو وائٹ سوکس اور ڈیٹرائٹ ٹائیگرز جیسی ٹیموں کے لیے کھیلتے رہے۔
بظاہر کلب کے اندر لی گئی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ اسٹیج کے سامنے میزوں پر بیٹھے ہیں اور کچھ لوگ پیچھے موسیقی پر رقص کر رہے ہیں جبکہ روبی پیریز گا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک اور موبائل فون ریکارڈنگ میں اسٹیج کے قریب کھڑے ایک شخص کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’چھت سے کچھ گرا ہے‘، جبکہ اس کی انگلی کو چھت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
30 سیکنڈ سے بھی کم وقت کے بعد ایک آواز سنی جا سکتی ہے اور ریکارڈنگ سیاہ ہو جاتی ہے جبکہ ایک عورت کو چیختے ہوئے سنا جاتا ہے ’بابا، آپ کو کیا ہو گیا ہے؟‘
روبی پیریز کے بینڈ کے ایک رکن نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ رات ایک بجے کے قریب جب یہ حادثہ پیش آیا تو کلب بھرا ہوا تھا، موسیقار نے کہا کہ ’میں سمجھا کہ یہ زلزلہ ہے‘۔
روبی پیریز کی بیٹی کا کہنا ہے کہ ملبے میں پھنسے افراد میں ان کے والد بھی شامل ہیں، صدر لوئس ابینادر نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔