• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

کورونا وائرس: ملک میں 2 لاکھ 94 ہزار 392 مریض شفایاب، فعال کیسز 7 ہزار سے بڑھ گئے

شائع September 24, 2020 اپ ڈیٹ September 25, 2020
ملک کے کچھ مقامات پر کیسز میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے—فائل فوٹو: اے پی پی
ملک کے کچھ مقامات پر کیسز میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے—فائل فوٹو: اے پی پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتر ہے تاہم کچھ روز سے مختلف مقامات خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں کیسز کی تعداد میں اضافہ رپورٹ ہورہا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار 673 ہے جس میں سے 2 لاکھ 94 ہزار 392 مریض شفایاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 443 کا انتقال ہوا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والے پورٹل کے مطابق ملک میں 24 ستمبر کو مزید 852 مریضوں اور 9 اموات کا اضافہ ہوا، جس میں بلوچستان کے 163 اور خیبرپختونخوا کے 52 کیسز ایسے بھی تھے جو گزشتہ روز کے اعداد و شمار تھے تاہم رپورٹ آج ہوئے۔

اس اضافے سے بلوچستان کے مجموعی کیسز کی تعداد 14 ہزار 765 اور خیبرپختونخوا کے 37 ہزار 470 ہوگئی۔

اگر ملک میں اس عالمی وبا کی بات کی جائے تو اس کا آغاز 26 فروری 2020 کو ہوا تھا، جس کے بعد سب سے پہلے تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا تھا جبکہ اس کے بعد دیگر شعبوں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

ان پابندیوں کا مقصد لوگوں میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا تھا تاہم ابتدا میں وائرس کا پھیلاؤ کم رہا جبکہ اپریل سے اس میں تیزی آنا شروع ہوئی اور پھر مئی اور جون میں صورتحال کافی تبدیل ہوگئی۔

جون میں صورتحال یہاں تک پہنچ گئی کہ یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد رپورٹ ہونے لگیں جس کی وجہ سے ہسپتالوں پر دباؤ بڑھنے کی رپورٹس بھی آئیں تاہم اس کے بعد جولائی میں کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور لگائی گئی پابندیاں بھی نرم کی گئی۔

بعد ازاں اگست میں یہ پابندیاں بڑی حد تک ختم کردی گئی، جس کی وجہ کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہونا تھا، جس کے بعد ستمبر میں مزید صورتحال میں بہتری پر تعلیمی اداروں کو بھی 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھول دیا گیا۔

آج (24 ستمبر) کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سندھ میں کورونا کے 401 نئے کیسز اور 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار 246 جبکہ اموات 2477 ہوگئی ہیں۔

سندھ میں مسلسل دوسرے روز وائرس کے 400 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔

پنجاب

صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز میں 84کا اضافہ ہوا جبکہ 2 افراد کا انتقال بھی ہوا۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان 84 کیسز کے بعد مجموعی تعداد 98 ہزار 686 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 2 افراد کے انتقال نے مجموعی اموات کی تعداد کو 2 ہزار 229 تک پہنچا دیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 42 مریضوں اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز 16 ہزار 288 ہوگئے۔

مزید یہ کہ ایک فرد کے انتقال کرجانے سے اموات کی تعداد 181 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 55 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 37 ہزار 525 ہوگئی۔

صوبے میں جمعرات کو وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی اور مجموعی طور پر جاں بحق افراد کی تعداد 1258 پر برقرار ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ اب صوبے کے ہر ضلع میں فعال کیسز کی تعداد 100 سے کم رہ گئی ہے۔

گلگت بلتستان

پاکستان میں کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وائرس مزید 30 افراد کو متاثر کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 30 نئے مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 572 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ملک کے سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مزید 25 مریض سامنے آئے۔

ان 10 نئے مریضوں کے بعد آزاد کشمیر میں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 591 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 476 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق شفایاب ہونے والے ان نئے مریضوں کے بعد ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب افراد کی تعداد 2 لاکھ 94ہزار 392 ہوگئی، جو تقریباً 96 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 308673

اموات: 6443

صحتیاب: 294392

فعال کیسز: 7838

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار 246 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 98 ہزار 686 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 37 ہزار 525 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 14 ہزار 765 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 288، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 572 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 591 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2477

پنجاب: 2229

خیبرپختونخوا: 1258

بلوچستان: 145

اسلام آباد: 181

گلگت بلتستان: 83

آزاد کشمیر: 70

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024