لاہورماسٹر پلان کرپشن کیس ڈسچارج، چوہدری پرویز الہیٰ دہشتگردی کے مقدمے میں پھر گرفتار
لاہور کی ضلع کچہری عدالت نے لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس میں گرفتار سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پرویز الہیٰ کے جسمانی ریمانڈر کی درخواست مسترد کردی اور انہیں کیس سے ڈسچارج کر دیا، تاہم دہشت گردی کے مقدمے میں انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ریحان الحسن نے پرویز الہیٰ کے ریمانڈ کی درخواست پر محفوظ سنا دیا۔
پرویز الہٰی کے وکیل رانا انتظار نے بتایا تھا کہ پرویز الہٰی کے ریمانڈ کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا ہے اور انہیں کیس سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
بعد ازاں، چوہدری پرویز الہٰی کی دوبارہ گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے وکیل رانا انتظار نے بتایا کہ ’دہشت گردی کے کسی مقدمے میں راولپنڈی پولیس نے انہیں گرفتار کیا ہے۔‘
اینٹی کرپشن حکام نے پرویز الہٰی کو گزشتہ روز راولپنڈی سے گرفتار کیا تھا اور تحقیقات کے لیے ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرنے کے لیے آج لاہور کی ضلع کچہری عدالت میں پیش کیا تھا۔
اس موقع پر ضلع کچہری کو پولیس کی بھاری سیکیورٹی لگا کر سیل کر دیا، پولیس نے کورٹ رپورٹرز کو کمرہ عدالت کے اندر جانے سے بھی روک دیا، 3 ایس پی سمیت 500 پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹی سرانجام دی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ریحان الحسن نے اینٹی کرپشن کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی، پرویز الہٰی کی جانب سے وکیل صدر لاہور بار رانا انتظار حسین عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت پرویز الہیٰ کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انکوائری سے قبل ایف آئی آر درج نہیں ہو سکتی، کل ڈی جی اینٹی کرپشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔
انہوں نے عدالت سے مقدمہ ڈسچارج کرنے کی استدعا کر تے ہوئے مزید کہا کہ پرویز الہٰی کی گرفتاری بدنیتی پر مبنی ہے، اُن کے خلاف انکوائری نہیں کی گئی نہ کوئی انکوائری نوٹس بھیجا گیا۔
رانا انتظار حسین نے کہا کہ اینٹی کرپشن حکام نے پرویز الہٰی کا جسمانی ریمانڈ مانگا ہے، ہم ریمانڈ کی مخالفت کر رہے ہیں۔
دریں اثنا وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ ریحان الحسن نے پرویز الہٰی کے ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
بعد ازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی اور انہیں کیس سے ڈسچارج کر دیا۔
لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس
واضح رہے کہ گزشتہ روز 16 ستمبر کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پرویز الہٰی کو راولپنڈی جیل سے رہائی سے قبل لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس میں ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر پنجاب اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے حوالے کردیا تھا، یہ ان کی یکم جون کے بعد 12ویں مرتبہ گرفتاری ہے۔
ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس میں راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی نے لاہور ماسٹر پلان منصوبے میں مالی فوائد کے لیے جعل سازی کی اور لاہور ماسٹر پلان میں ردوبدل کرکے اپنی زمینیں لاہور میں شامل کرنے کی کوشش کی، ماسٹر پلان میں ردوبدل کے لیے کنسلٹنٹ فرم کی جعلی مہریں اور مونوگرام استعمال ہوا۔
ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے مزید کہا تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی نے دارالہندسہ/کنسلٹنٹ کی طرف سے جمع کروائے گئے لاہور ماسٹر پلان میں جعل سازی کی، کنسلٹنٹ کے ترتیب دیے گئے ماسٹر پلان میں جعلی کاغذات کا اضافہ کیا گیا۔
بیان کے مطابق زرعی زمین کو کمرشل اور رہائشی میں تبدیل کرکے اربوں روپے کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، سابق وزیر اعلی چوہدری پرویز الہٰی نے مالی مفاد کے لیے عہدے اور دفتر کا ناجائز استعمال کیا، انہوں نےاختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے متعلقہ افسران سے منصوبے کی منظوری کروائی۔
بیان میں بتایا گیا کہ چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف لاہور ماسٹر پلان میں جعلسازی پر اینٹی کرپشن لاہور میں مقدمہ درج ہے، لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا، اینٹی کرپشن کرپٹ اور بدعنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کر رہا ہے۔
پرویز الہٰی کی گرفتاری اور مقدمات
پرویز الہٰی پی ٹی آئی کے ان متعدد رہنماؤں اور کارکنوں میں شامل ہیں جنہیں 9 مئی کو ہونے والے ہنگاموں کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف ریاستی کریک ڈاؤن کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔
انہیں پہلی بار یکم جون کو اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای) نے ان کی لاہور رہائش گاہ کے باہر سے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ طور پر رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
اگلے ہی روز لاہور کی ایک عدالت نے انہیں مقدمے سے ڈسچارج کر دیا تھا لیکن اے سی ای نے انہیں گوجرانوالہ کے علاقے میں درج اسی طرح کے ایک مقدمے میں دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔
اس کے بعد گوجرانوالہ کی ایک عدالت نے انہیں 3 جون کو فنڈز کے غبن سے متعلق بدعنوانی کے دو مقدمات میں بری کر دیا تھا۔
مقدمے سے ڈسچارج ہونے کے باوجود اینٹی کرپشن اسٹیبلمشنٹ نے پھر پرویز الہٰی کو پنجاب اسمبلی میں ’غیر قانونی بھرتیوں‘ کے الزام میں دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔
9 جون کو ایک خصوصی انسداد بدعنوانی عدالت نے اے سی ای کو غیر قانونی تعیناتیوں کے کیس کا ریکارڈ پیش کرنے کا ’آخری موقع‘ دیا تھا۔
اسی روز قومی احتساب بیورو حرکت میں آیا اور گجرات اور منڈی بہاالدین میں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ طور پر غبن میں ملوث ہونے پر صدر پی ٹی آئی کے خلاف ایک اور انکوائری شروع کردی گئی۔
12 جون کو سیشن عدالت نے غبن کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے پرویز الہٰی کی بریت کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا تھا جس کے اگلے روز لاہور ہائی کورٹ نے سیشن کورٹ کے مذکورہ حکم کو معطل کردیا اور جوڈیشل مجسٹریٹ نے انہیں دوبارہ جوڈیشل لاک اپ بھیج دیا۔
20 جون کو پرویز الہٰی نے بالآخر لاہور کی انسداد بدعنوانی عدالت سے ریلیف حاصل کر لیا لیکن جیل سے رہا نہ ہو سکےکیونکہ ان کی رہائی کے احکامات جیل انتظامیہ کو نہیں پہنچائے گئے تھے۔
اسی روز ایف آئی اے نے ان پر، ان کے بیٹے مونس الہٰی اور تین دیگر افراد کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں مقدمہ درج کیا۔
جس کے اگلے روز ایف آئی اے نے انہیں جیل سے حراست میں لے لیا اور منی لانڈرنگ کیس میں انہیں روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
24 جون کو لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل نے سابق وزیراعلیٰ کی منی لانڈرنگ کیس ضمانت منظورکی تھی۔
تاہم 26 جون کو لاہور کی ایک ضلعی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں انہیں دوبارہ 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، جس کے فوراً بعد ایف آئی اے نے انہیں کیمپ جیل کے باہر سے گرفتار کیا۔
12 جولائی کو لاہور کی سیشن عدالت نے غیر وضاحتی بینکنگ ٹرانزیکشنز کے کیس میں پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ سے انکار کے خلاف ایف آئی اے کی درخواست خارج کردی تھی۔
اس کے دو روز بعد لاہور ہائی کورٹ نے پولیس اور اے سی ای کو پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کو کسی بھی نامعلوم کیس میں گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔
بعد ازاں 15 جولائی کو بینکنگ جرائم کی ایک عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں چوہدری پرویز الہٰی کی کیمپ جیل سے رہائی کے احکامات جاری کیے تھے۔
تاہم انہیں رہا نہیں کیا گیا تھا اور پولیس نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما کے خلاف غالب مارکیٹ تھانے میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
یکم ستمبر کو چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے رہا کیے جانے کے بعد گھر جاتے ہوئے پولیس نے دوبارہ گرفتار کرلیا تھا، بعدازاں 2 ستمبر کو پرویز الہٰی کو اٹک جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔
5 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے چوہدری پرویز الہٰی کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری معطل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا، تاہم رہائی کے بعد انہیں وفاقی دارالحکومت سے ایک مرتبہ پھر جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
8 ستمبر کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں چوہدری پرویز الہٰی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
15 ستمبر کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلکس توڑ پھوڑ کیس میں چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کر لی تھی، تاہم رہائی سے قبل ہی گزشتہ روز 16 ستمبر کو اینٹی کرپشن حکام نے انہیں لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس میں گرفتار کرلیا تھا۔