• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

غیر قانونی تقرریوں کا کیس: پرویز الہٰی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

شائع November 16, 2023
پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، کھڑے رہیں گے — تصویر: ڈان نیوز
پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، کھڑے رہیں گے — تصویر: ڈان نیوز

لاہور کی مقامی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو غیر قانونی تقرریوں کے کیس میں 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے کا حکم دے دیا۔

14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر پرویز الہٰی کو عدالت میں پیش کیا گیا، جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور عمران عابد نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف غیر قانونی تقرریوں کے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرویز الہٰی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی، عدالت نے پی ٹی آئی کے صدر کو ملاقات کی اجازت بھی دے دی۔

مونس الہٰی کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرنا ہے، عدالت اشتہاری قرار دے، وکیل ایف آئی اے

اس کے علاوہ اسپیشل کورٹ سینٹرل میں پرویز الہٰی اور ان کے صاحبزادے مونس الہٰی کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے کی سماعت ہوئی، پرویز الہٰی کو جیل حکام نے عدالت کے روبرو پیش کیا جس کے بعد عدالت نے پرویز الہٰی کی حاضری مکمل کر لی۔

وکیل ایف آئی اے نے کہا کہ مونس الہٰی کو اشتہاری قرار دیا جائے، مونس الہٰی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے لیکن وہ گرفتار نہیں ہو سکے، مونس الہٰی کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرنا ہے، عدالت اشتہاری قرار دے، ان کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ بھی ایف آئی اے نے حاصل کرنے ہیں۔

عدالت نے پرویز الہٰی سمیت دیگر کے خلاف کارروائی 30 نومبر تک ملتوی کر دی۔

خدا کی قسم مجھے آج تک کسی نے پریس کانفرنس کا نہیں کہا، پرویز الہٰی

عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ دو لاڈلے قوم پر مسلط کر دیے گئے ہیں، لاڈلے اپنی رنگ بازی سے قوم کو گمراہ نہیں کر سکتے، شہباز شریف اینڈ کمپنی نے 16 ماہ میں عوام کو مہنگائی کے دلدل میں دھکیل دیا۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ان کو نظر آگیا ہے کہ پنجاب میں اب ان کو کوئی ووٹ نہیں ڈالے گا، عوام میں پی ٹی آئی کی مقبولیت دیکھ کر اب شریفوں نے دوسرے صوبوں کا رخ کر لیا ہے، شریف برادران جہاں بھی چلے جائیں عوام میں پذیرائی حاصل نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومتیں کب تک شریف برادران کی سہولت کاری کریں گی، نواز شریف نے تو بلوچوں کی بھی عزت نہ رکھی، ان کی دی ہوئی پگڑی اور چادر سر پر رکھنا بھی گوارا نہ کی، بلوچ سرداروں کی اکثریت نے بھی دونوں لاڈلوں کو مسترد کر دیا۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے الیکشن کی تاریخ خود دی ہے، ہمیں یقین ہے کہ اب الیکشن ہو جائیں گے، ان شا اللہ یہ الیکشن صاف، شفاف ہوگا، عوام شریف برادران کو دھاندلی نہیں کرنے دیں گے اور بیلٹ باکس کی خود حفاظت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف تمام کیس جھوٹے اور بے بنیاد ہیں، اسی لیے تمام کیسوں میں ہمارا اللہ وارث ہے، خدا کی قسم مجھے آج تک کسی نے پریس کانفرنس کا نہیں کہا، عمران خان میرے ساتھ والے سیل میں ہیں، آئی ایم ایف اور یورپی یونین کے لوگ عمران خان سے ملاقات کرنے آتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اتنے ووٹ پریں گے جس کی کوئی حد نہیں ہو گی، مسلم لیگ (ن) کے پاس لاہور سمیت پورے پاکستان میں الیکشن کے لیے بندے نہیں ہیں، ہمارے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمیشہ ہی اچھے تعلقات رہے ہیں۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، کھڑے رہیں گے، الیکشن کی تاریخ سپریم کورٹ کے کہنے پر ملی ہے، اس الیکشن میں دھاندلی نہیں ہو گی۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024