• KHI: Zuhr 12:44pm Asr 4:34pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 3:51pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 3:51pm
  • KHI: Zuhr 12:44pm Asr 4:34pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 3:51pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 3:51pm

عمران خان و دیگر کیخلاف جی ایچ کیو حملہ کیس: استغاثہ کے مزید 4 گواہان کا بیان ریکارڈ

شائع January 22, 2025
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم و دیگر ملزمان کے خلاف 9 مئی کو جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) حملہ کیس میں استغاثہ کے مزید 4 گواہان کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا، مجموعی طور پر 9 گواہان کی شہادتیں قلم بند کی جاچکیں۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی، اس موقع پر ملزمان شبلی فراز، مسرت جمشید چیمہ، شیخ راشد شفیق، چوہدری بلال اعجاز، اجمل صابر راجا اور زرتاج گل سمیت دیگر نامزد ملزمان پیش ہوئے۔

اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نوید ملک،ظہیر شاہ لیگل ٹیم کے ہمراہ جبکہ جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کے تفتیشی افسر انسپکٹر ناظم شاہ بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔

عمران خان کی لیگل ٹیم میں اضافہ ہو گیا، بانی پی ٹی آئی نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں سلمان اکرم راجا اور خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ کو بھی شامل کر لیا۔

جی ایچ کیو حملہ کیس میں ملک محمد فیصل عمران خان کی جانب سے سے کیس کی پیروی کر رہے ہیں۔

کیس کی سماعت کے دوران استغاثہ کے مزید 4 گواہان کی شہادت قلم بند کر لی گئی، اب تک مجموعی طور پر 9 گواہان کی شہادت قلم بند کی جاچکی۔

بعد ازاں، انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہفتہ 25 جنوری تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ 18 جنوری کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں وزیراعظم و دیگر ملزمان کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس میں استغاثہ کے مزید ایک گواہ اے ایس آئی نور کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا تھا۔

عمران خان کی وکیل مشال یوسف زئی کو شوکاز نوٹس جاری

جی ایچ کیو حملہ کی سماعت کے دوران اہم پیشرفت سامنے آئی، عمران خان کی وکیل مشال یوسف زئی معطل لائسنس کے باوجود عدالت میں پیش ہوئیں۔

جس پر پراسیکیوشن نے اعتراض اٹھا کر ثبوت عدالت میں پیش کر دیے، عمران خان کی وکیل مشال یوسف زئی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

یہ نوٹس پراسیکیوشن کی جانب سے دائر اعتراض پر جاری کیا گیا۔

پراسیکیوشن نے اعتراض کیا کہ مشال یوسف زئی خیبرپختونخوا بار کی ممبر ہیں ان کا لائسنس معطل ہے، پراسیکیوشن نے سیکرٹری خیبرپختونخوا بار کا نوٹی فکیشن عدالت میں پیش کر دیا۔

پراسکیوشن نے دلائل دیے کہ مشال یوسف زئی نے جھوٹ بول کر عدالت کو دھوکا دیا، مشال یوسف زئی عدالت کو اپنے دفاع پر مطمئن نہ کر سکی۔

عدالت کا کہنا تھا کہ مشال یوسف زئی بادی النظر میں پروفیشنل مس کنڈکٹ کی مرتکب ہوئیں، عدالتی نوٹس میں کہا گیا کہ پروفیشنل مس کنڈکٹ پر آپ کا معاملہ منسوخی لائسنس کے لیے بار کونسل کو کیوں نہ بھیجا جائے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وضاحت کریں کہ جعل سازی پر آپ کے خلاف فوجداری کارروائی کیوں نہ کی جائے، آئندہ سماعت پر مشال یوسف زئی سے جواب طلب کرلیا گیا۔

پس منظر

واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔

اس دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 جنوری 2025
کارٹون : 22 جنوری 2025