سندھ کے تمام نجی اسکولوں میں شجر کاری مہم کا آغاز کرنے کی ہدایت جاری
سندھ کے تمام نجی اسکولوں میں شجر کاری مہم کا آغاز کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر رفیعہ جاوید کی جانب سے ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر تعلیم سندھ کی ہدایت پر نجی اسکول شجر کاری مہم میں اپنا کردار ادا کریں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر رفیعہ جاوید کا مزید کہنا تھا کہ گلوبل وارمنگ پوری دنیا بشمول ہمارے خطے کا اہم ترین مسئلہ ہے، اسکول انتظامیہ ننھے طلبہ کو شجر کاری کی افادیت سے آگاہ کرے۔
رفیعہ جاوید نے بتایا کہ آگاہی کا مقصد طلبہ میں گلوبل وارمنگ سے متعلق شعور بیدار کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی اور گلوبل وارمنگ/موسمیاتی تبدیلی ناقابل تردید عالمی خدشات بن چکے ہیں، لوگ اکثر ماحول کو لاحق خطرات کو نظر انداز کرتے ہیں، درختوں کی کٹائی اور جنگلات کی کٹائی نے موسمیاتی تبدیلیوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جس سے موسمی حالات مزید سنگین ہو رہے ہیں۔
رفعیہ جاوید نے کہا کہ اس کی وجہ سے فضا میں آکسیجن کی سطح میں کمی واقع ہوئی ہے جس سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کرنے اور ہوا کو صاف کرنے کی صلاحیت کم ہو گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب اس اہم کردار کو تسلیم کرتے ہیں جو درخت اور پودے ہوا کو صاف کرنے میں ادا کرتے ہیں، ہمیں تازہ اور صحت مند ہوا میں سانس لینے کی اجازت دیتے ہیں، درخت لگانا اب ایک عالمی تحریک بن چکا ہے، لوگ جوش و خروش سے شجرکاری کی کوششوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر نے کہا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی حکومت سندھ نے اس پروگرام کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے پہل کی ہے، ہمیں ذمہ دار افراد کی حیثیت سے اس مقصد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ درخت لگانے کی کوششوں میں حصہ لے کر، ہم موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے، ہوا کے معیار کو بہتر بنانے، شہری علاقوں کو ٹھنڈا کرنے، پانی کو محفوظ کرنے اور آلودگی اور خشک سالی کو روکنے میں مدد کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر تعلیم نے نجی تعلیمی اداروں میں شجر کاری مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے، اس کے علاوہ طلبہ میں درخت لگانے کی اہمیت کے بارے میں شعور بیدار کرنے کی کوششیں کی جانی چاہئیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر رفعیہ جاوید نے بتایا کہ آپ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ موسم بہار کے آنے والے موسم کے بعد اسکولوں اور آس پاس کے علاقوں میں درخت لگانے کے فوائد کے بارے میں ایک مہم شروع کریں۔