گھریلو خاتون کو ہراساں کرنے پر ایف آئی اے کے اہلکاروں کو نوٹس جاری، جواب طلب
سندھ ہائی کورٹ نے گھریلو خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اہلکاروں کو نوٹس جاری کر دیے۔
ڈان نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کے شوہر کے خلاف زر مبادلہ کے قوانین کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج تھا، مقدمے میں جواب داخل کروایا جاچکا ہے کہ کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔
وکیل نے عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں موقف اپنایا کہ درخواست گزار کا اپنے شوہر کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں، اس کے باوجود اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی منی لانڈرنگ (اے ایم ایل) سرکل مسعود احمد بار بار انہیں طلبی کے نوٹس جاری کر رہے ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ ایف آئی اے کے اہلکاروں کو درخواست گزار کو ہراساں کرنے سے روکا جائے، کال اَپ نوٹسز واپس لینے کا حکم دیا جائے۔
عدالت عالیہ سندھ نے درخواست پر ایف آئی اے کے اہلکاروں سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 16 اپریل تک ملتوی کر دی۔