اسحٰق ڈار او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔
سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار سعودی عرب روانہ کے شہر جدہ میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار جدہ میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ اسحٰق ڈار وزرائے خارجہ اجلاس میں فلسطینی کاز کے لئے پاکستان کی ثابت قدم حمایت کا اعادہ کریں گے اور اصولی موقف پر زور دیں گے۔
اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم مقبوضہ بیت المقدس سمیت تمام زیر قبضہ علاقوں سے اسرائیل کے مکمل انخلا کا مطالبہ کریں گے اور فلسطینیوں کی نقل مکانی کے لیے ناقابل قبول تجویز کی مذمت بھی کریں گے۔
ترجمان کے مطابق اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کی بحالی کا مطالبہ کریں گے جس میں جون 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک قابل عمل اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ بھی شامل ہے جس کا دارالحکومت القدس شریف ہوگا۔
علاوہ ازیں، وزیر خارجہ اسحٰق ڈار دورہ سعودی عرب کے موقع پر او آئی سی کے اہم رکن ممالک کے ہم منصبوں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔