خبیرپختونخوا: لکی مروت اور بنوں میں 4 تھانوں پر دہشت گردوں کے حملے ناکام
خیبر پختونخوا کے 2 مختلف اضلاع لکی مروت اور بنوں میں 4 مختلف پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کے حملوں کو ناکام بنادیا گیا اور کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا تاہم حملے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
ڈان نیوز کے مطابق ضلع لکی مروت لکی مروت پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے جمعہ کی رات کو دادی والا اور پیزو تھانوں پر حملہ کیا لیکن پولیس کی بروقت کارروائی کی وجہ سے دونوں حملوں کو پسپا کردیا گیا، دونوں حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے لکی مروت کے لنڈیواہ روڈ پر سڑک کنارے نصب بم کے ذریعے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کی بروقت جوابی کارروائی سے ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ حملہ آور کے دوسرے ساتھی کا تعاقب جاری ہے۔
پولیس کے مطابق لکی مروت کے ڈپٹی کمشنر ذیشان عبداللہ نے گزشتہ روز تھریٹ الرٹ جاری کیا تھا۔
دوسری جانب بنوں کے 2 تھانوں بکاخیل اور غوری والہ اور ایک چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، دہشتگردوں کی جانب سے دستی بم پھینکے گئے اور فائرنگ کی گئی، تاہم بروقت کارروائی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بنوں میں نامعلوم افراد نے جمعہ کی رات دیر گئے کھوجری پولیس چوکی پر بھی حملہ کیا، اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد وہاں سے فرار ہوگئے۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پولیس چوکی پر حملے کے بعد گاؤں کے بزرگ پولیس چوکی کی حفاظت کے لیے ہتھیاروں کے ساتھ باہر نکل آئے، مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ چیک پوسٹ کی حفاظت کریں گے اور لوگوں نے پولیس والوں کے ساتھ مل کر پولیس زندہ باد کے نعرے لگائے۔
کالعدم ٹی ٹی پی نے ذمہ داری قبول کرلی
دوسری جانب، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے دونوں اضلاع میں ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
بزدلانہ حملے پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، آئی جی
خیبرپختونخوا کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) ذوالفقار حمید نے دہشت گردوں کے حملے پسپا کرنے پر پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس فورس کے جوان دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے پولیس اہلکاروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، عوام کی حمایت سے دہشت گردوں کے تمام ہتھکنڈوں کو آہنی ہاتھوں سے ناکام بنایا جائے گا۔
آئی جی پولیس نے جوانوں کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خاتمے تک ثابت قدمی سے لڑیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔