اسلام آباد: وزیر خزانہ کی آئی ایم ایف وفد کو معاشی صورتحال اور اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے وفد نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی ہے، وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کو پاکستان کی معاشی صورتحال اور معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر بریف کیا۔
ڈان نیوز کے مطابق آئی ایم ایف وفد کی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات میں سیکریٹری خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر بھی شریک تھے۔
وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کو ملک کی معاشی صورتحال سے آگاہ کیا اور معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر بریف کیا۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کا وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا تھا۔ ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں آئی ایم ایف وفد کے ساتھ تکنیکی سطح کے مذاکرات ہوں گے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان کلائمیٹ فنانسنگ پر بھی بات چیت ہوگی، جائزے کی کامیابی پرپاکستان کو تقریباً ایک ارب ڈالرز کی اگلی قسط جاری کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات 14 مارچ تک جاری رہیں گے، پاکستان کے لیے تقریباً ایک ارب ڈالرز کلائمٹ فنانسنگ کا بھی فیصلہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد کی قیادت مشن چیف نیتھن پورٹر کریں گے، دوسرے مرحلے میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی لیول مذاکرات ہوں گے، پاکستان 7 ارب ڈالرز قرض پروگرام کی شرائط پر عملدرآمد رپورٹ پیش کرے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان رواں مالی سال کی پہلی ششماہی رپورٹ آئی ایم ایف کو پیش کرے گا، آئی ایم ایف وفد پاور ڈویژن اور نیپرا حکام کے ساتھ مذاکرات کرے گا، آئی ایم ایف وفد کی صوبائی حکام کے ساتھ بھی ملاقاتیں ہوں گی۔