عمران اور بشریٰ بی بی کی ہر ہفتے ملاقات کراتے ہیں، جیل سپرنٹنڈنٹ کا ہائیکورٹ میں بیان
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بشریٰ بی بی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کی۔
عدالتی حکم پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل غفور انجم پیش ہوئے، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل فیصل فرید چوہدری، جب کہ اسٹیٹ کونسل ملک عبد الرحمٰن بھی عدالت میں موجود تھے۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے استفسار کیا کہ عدالت نے ایک حکم دیا تھا اس پر عملدرآمد ہو رہا ہے یا نہیں؟
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ ملاقات ہوتی رہتی ہے، مگر شوہر بیوی کی ملاقات کے حوالے سے جیل رولز میں ایسا کچھ نہیں، ہم ہر بدھ کو جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں کراتے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ فیصل صاحب یہ تو آپ کو خصوصی طور پر ٹریٹ کر رہے ہیں، وکیل فیصل فرید چوہدری نے کہا کہ ایک استدعا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالتی حکم پر عمل درآمد کرنے کا حکم دے۔
قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ ان کی اتنی جرات ہے کہ عدالتی احکام پر عمل درآمد نہ کریں؟
عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کرانے کی درخواست نمٹا دی۔