لاہور: جائیداد کے تنازع پر سوتیلے باپ کا قتل، پولیس نے ملزم کو ڈھونڈ نکالا
پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں پولیس نے فائرنگ کر کے سوتیلے باپ کو قتل کرنے والے بیٹے کو گرفتار کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن میں ملزم عتیق نے 3 روز قبل حویلی میں موجود باپ کو گھریلو ناچاقی اور جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کرکے قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگیا تھا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز کے نوٹس پر فوری طور پر پولیس کی ٹیم تشکیل دی گئی، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سٹی قاضی علی رضا کی سربراہی میں ٹیم نے ملزم کی تلاش شروع کی۔
اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) شاہدرہ عثمان عزیز میر اور ایس ایچ او شاہدرہ ٹاؤن پر مشتمل ٹیم نے قاتل کو گرفتار کیا۔
ایس پی سٹی کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے فزیکلی ریڈ سے قبل جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین ریسورس سے مدد حاصل کی گئی۔
انہوں نے قتل کی واردات کے فرار ملزم کی دو روز میں گرفتاری پر ایس ایچ او شاہدرہ ٹاؤن اور ٹیم کو شاباش دی۔
ایس پی سٹی کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا نے کہا کہ سنگین مقدمات میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔