نجی ایئرلائن کی دبئی کی پرواز 10 گھنٹے تاخیر کا شکار، 200 مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ پر رُل گئے
اسلام آباد ایئر پورٹ پر نجی ایئرلائن ایئربلیو کی غفلت کے باعث دبئی جانے والے 200 مسافر رُل گئے، مسافروں نے ایئر پورٹ پر دھرنا دے دیا، 10 گھنٹے بعد متبادل طیارہ لاہور سے اسلام آباد پہنچ گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ پر نجی ایئرلائن ایئربلیو کی غفلت کے باعث دبئی جانے والے 200 مسافر رُل گئے۔
مسافروں نے ایئر بلیو انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا، دبئی کی پرواز نمبر پی اے 210 رات سوا 2 بجے شیڈول تھی، ناگزیر وجوہات کے باعث فلائٹ اڑان نہ بھر سکی، ایئر بلیو کا عملہ ایئر پورٹ سے غائب ہوگیا۔
پرواز میں تاخیر کے باعث بزرگ، خواتین اور بچے پریشان ہوگئے، مسافروں کی جانب سے کئی گھنٹے احتجاج کے بعد 10 گھنٹے تاخیر سے متبادل طیارہ لاہور سے اسلام آباد پہنچ گیا۔
بعد ازاں بورڈنگ کا عمل مکمل کر کے پرواز 10 گھنٹے تاخیر سے روانہ کردی گئی، پرواز کی تاخیر کی وجہ سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بدنظمی بھی دیکھنے میں آئی، مسافر رات بھر اسلام آباد ایئرپورٹ پر احتجاج کرتے رہے، ایئرلائن عملے کے نامناسب رویے پر مسافروں نے نعرے بازی بھی کی۔