• KHI: Maghrib 6:36pm Isha 7:52pm
  • LHR: Maghrib 6:04pm Isha 7:24pm
  • ISB: Maghrib 6:08pm Isha 7:30pm
  • KHI: Maghrib 6:36pm Isha 7:52pm
  • LHR: Maghrib 6:04pm Isha 7:24pm
  • ISB: Maghrib 6:08pm Isha 7:30pm

ایف آئی اے نے دہشتگردی، فراڈ کے 6 ملزمان کو یو اے ای سے گرفتار کر لیا

شائع March 4, 2025
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے متحدہ عرب امارات سے 6 مفرور ملزمان کو گرفتار کر لیا جو دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور فراڈ کے مقدمات میں مطلوب تھے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ یہ گرفتاریاں ایجنسی کے نیشنل سینٹرل بیورو (این سی بی) انٹرپول کی قیادت میں بڑی کارروائیوں کے ذریعے کی گئیں۔

گرفتار ملزمان میں سفیان علی، عکاشہ اقبال، زوہیب شہزاد، عبداللطیف، محمد جلیل، اور محمد رمیز اشرف شامل ہیں، جو پنجاب پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔

سفیان علی 2022 میں سیالکوٹ کے وزیر آباد سٹی تھانے میں دہشت گردی اور اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا، جبکہ شہزاد پر سترہ تھانے میں ڈکیتی کا ایک مقدمہ درج تھا۔

اسی طرح عبداللطیف پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے تھانہ ایئرپورٹ پولیس کو قتل کے ایک مقدمے میں مطلوب تھا۔

9 سال سے مفرور محمد جلیل پر ڈیرہ غازی خان میں ڈکیتی کے ایک مقدمے میں مطلوب تھا۔

محمد رمیز اشرف راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد میں اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا، اسی طرح عکاشہ اقبال کو دھوکا دہی کے الزامات کا سامنا تھا، جن پر مقدمہ 2023 میں سیالکوٹ کے سول لائنز تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی اے نے تصدیق کی ہے کہ گرفتاریوں کی سہولت کے لیے این سی بی انٹرپول کے ذریعے ریڈ نوٹس جاری کیے گئے تھے۔

مفرور ملزمان کو متحدہ عرب امارات سے لاہور ایئرپورٹ منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں انہیں پنجاب پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ یہ گرفتاریاں انٹرپول اسلام آباد اور انٹرپول ابوظبی کے درمیان قریبی رابطے کی وجہ سے ممکن ہوئیں۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ این سی بی انٹرپول، جدید ٹیکنالوجی سے لیس، عالمی سطح پر مفروروں کا سراغ لگانے اور انہیں پکڑنے کے لیے 24/7 کام کرتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 مارچ 2025
کارٹون : 4 مارچ 2025