جنوبی افریقہ کو شکست دیکر نیوزی لینڈ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گیا
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 50 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، میگا ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو دبئی میں نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راچن رویندرا اور کین ولیمسن کی شاندار سینچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوڈ ملر کے علاوہ دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھاسکے، پروٹیز نے ڈیوڈ ملر کی سینچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز بنائے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا ٹوٹل بنانے کا ریکارڈ تیسری بار ٹوٹا ہے۔
آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ میں چیمپئنز ٹرافی کا 21 سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹا تھا جب انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 352 رنز کا ہدف دیا، تاہم آسٹریلیا نے اسی میچ میں یہ ہدف حاصل کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا تھا۔
جنوبی افریقہ بیٹنگ
چیمپئنز ٹرافی کے سب سے بڑے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 20 رنز پر ہی گرگئی جب ریان رکلٹن 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
کپتان ٹمبا باووما نے راسی وین ڈار ڈوسن کے ساتھ ملکر 105 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سینچریاں مکمل کیں لیکن دونوں اپنی اننگز کو آگے نہیں بڑھاسکے۔
کپتان ٹمبا 56 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور ڈوسن کی اننگز 69 رنز پر ختم ہوگئی جس کے بعد ایڈن مارکرم بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ 31 رنز ہی بناسکے۔
جنوبی افریقی کھلاڑی ہینرک کلاسن ون ڈے انٹرنیشنل میں اچھی فارم میں تھے اور ٹیم کو ان سے امید بھی تھی کہ وہ میچ کو کسی حد تک دلچسپ بنائیں گے لیکن بدقسمتی سے وہ صرف 3 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں ویان ملڈر 8، مارکو جانسن 3، کیشو مہاراج 1، کاگیسو ربادا 16 رنز بناسکے، ڈیوڈ ملر آخر تک وکٹ پر ڈٹے رہے اور انہوں نے آخری گیند پر اپنی سینچری مکمل کی، وہ 67 گیندوں پر 100 رنز بنانے میں کامیاب رہے جس میں 4 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر 3، میٹ ہینری اور گلین فلپس 2،2 جب کہ مائیکل بریس ویل اور راچن رویندرا ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
نیوزی لینڈ بیٹنگ
کیویز کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے ول ینگ اور ٹام لیتھم کے علاوہ تمام بلے بازوں نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، ول ینگ 21 اور ٹام لیتھم 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
راچن رویندرا اور کین ولیمسن نے دوسری وکٹ کے لیے 164 رنز کی اہم شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے پہلے اپنی نصف سینچریاں اور پھر سینچریاں مکمل کیں۔
راچن رویندرا 101 گیندوں پر ایک چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے 108 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ کین ولیمسن نے 94 گیندوں پر 102 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
ڈیرل مچل نے 37 گیندوں پر 49 رنز کی اننگز کھیلی اور گلین فلپس نے بھی 27 گیندوں پر 49 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 6 چوکے شامل تھے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے لنکی نگیڈی نے 3، کاگیسو ربادا نے 2 اور ویان ملڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ پلینگ الیون
مچل سینٹنر (کپتان)، ول ینگ، راچن رویندرا، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم ، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، میٹ ہنری، کائل جیمیسن، وِل او رورک
جنوبی افریقہ پلینگ الیون
ٹمبا باووما (کپتان)، ریان رکلٹن، راسی وین ڈار ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، ویان ملڈر، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، لنگی نگیڈی