چیمپئنز ٹرافی: بھارت کے تمام میچز دبئی میں کرانے کا فیصلہ کیوں کیا گیا؟ وجہ سامنے آگئی
چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے تمام میچز ، سیمی فائنل اور حتی کہ فائنل پہنچنے کی صورت میں تمام میچز دبئی اسٹیڈیم میں کرانے کے فیصلہ کیوں کیا گیا، اس کی وجہ سامنے آگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی تھی۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا دوسرا فائنل نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آج ہو رہا ہے، فاتح ٹیم 9 مارچ (اتوار) کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت سے مدمقابل ہوگی۔
ڈان نیوز کی ریسرچ کے مطابق تمام میچز دبئی میں کرانے کی وجہ گیٹ منی سے مزید پیسہ کمانا تھا۔
جب بھارتی حکومت نے اپنی ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی تو ہائبرڈ ماڈل کے تحت جب بھارتی ٹیم کو نیوٹرل وینیو پر کھلانے کا متقفہ فیصلہ ہوا۔
اس وقت میزبان پاکستان نے بھارتی ٹیم کے نیوٹرل وینیو کے لیے متحدہ عرب امارات (یواے ای) کا انتخاب کیا جس کی وجہ ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے اچھے تعلقات اور 2009 سے 2019 تک یو اے ای نیوٹرل وینیو ہر ہوم سیریز کھیلنا تھا۔
ڈان ریسرچ کے مطابق تاہم حیران کن طور پر پی سی بی کی جانب سے بھارت کے تمام میچز ، سیمی فائنل اور حتی کہ فائنل پہنچنے کی صورت میں تمام میچز دبئی اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا، جس کی وجہ گیٹ منی سے مزید پیسہ کمانا تھا۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم کے تمام میچز دبئی میں رکھے جانے پر دنیا بھر میں شدید تنقید جاری ہے۔
بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا اپنا پہلا میچ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا، جہاں اس سے توحید ہردوئی کی سینچری اور ذاکر علی کی نصف سینچری کی بدولت بنگال ٹائیگرز 228 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے، تاہم بھارت نے مطلوبہ ہدف 46.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔
بھارت کا دوسرا میچ بھی 23 فروری کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف دبئی میں ہی ہوا تھا، جہاں بھارت نے ویرات کوہلی کی شاندار سینچری کی بدولت پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔
2 مارچ کو بھارت کا تیسرا میچ بھی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف تھا، جہاں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 44 رنز شکست دے کر گروپ مرحلے میں ناقابل شکست رہا تھا۔
گزشتہ روز پہلا سیمی فائنل بھی بھارت نے دبئی کے اُسی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا تھا، جہاں بھارت نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی تھی۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل بھی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں 9 مارچ (اتوار) کو ہوگا، جہاں بھارت آج دوسرے فائنل نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم سے کھیلے گا۔