امریکی قومی سلامتی کے مشیر کا اسحٰق ڈارکو ٹیلیفون
امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈارکو ٹیلی فون کیا ہے، اور دہشت گردی کے خلاف حکومت پاکستان کی کوششوں پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تعریف اور شکریہ ادا کیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ میں دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم محمد اسحٰق ڈار نے قومی سلامتی کے مشیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ سمیت امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات کو استوار کرنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے پاکستان کے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں امریکا کے ساتھ تعاون جاری رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مائیکل والٹز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغانستان میں پیچھے چھوڑے گئے امریکی فوجی سازوسامان کو واپس لینے کے اعلان کو بھی سراہا۔
اعلامیے کے مطابق فریقین نے آئی ٹی، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے آنے والے دنوں میں ایک وسیع البنیاد ایجنڈے کے حصے کے طور پر تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی اور صحت پر بات چیت جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے اپنے پہلے خطاب میں 2021 میں امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے دوران کابل ایئرپورٹ پر بم دھماکے میں 13 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے ذمے دار داعش کے دہشت گرد محمد شریف اللہ کی گرفتاری میں کردار ادا کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا تھا۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے اپنے پہلے خطاب میں 2021 میں کابل ایئرپورٹ کے ایبے گیٹ پر ہونے والے بم دھماکے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آج رات مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے اس ظلم کے ذمہ دار سرفہرست دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے اور وہ امریکی انصاف کی تیز تلوار کا سامنا کرنے کے لیے یہاں آ رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے گرفتاری میں اسلام آباد کے کردار پر اس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں خاص طور پر پاکستان کی حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اس درندے کو گرفتار کرنے میں مدد کی‘۔